Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / وزیر ریلوے سریش پربھو سے استعفیٰ کا مطالبہ

وزیر ریلوے سریش پربھو سے استعفیٰ کا مطالبہ

بلٹ ٹرین کی باتوں کو بھول کر مسافرین کے تحفظ پر توجہ دی جائے : کانگریس

نئی دہلی ۔ /20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا ہے کہ وزیر ریلوے سریش پربھو کو اتکل ایکسپریس ٹرین حادثہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئیے ۔ پارٹی نے وزیر ریلوے پر ’’لاپرواہی کا نیا ریکارڈ‘‘ قائم کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس پارٹی انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ 21 مسافرین کی موت کیلئے بی جے پی حکومت کا کوئی بھی بہانہ کارگر نہیں ہوگا ۔ وہ اسے سازش قرار دینے کی کوشش کررہی ہے لیکن مودی حکومت کا اب تک ریکارڈ اگر دیکھا جائے تو مئی 2014 ء کے بعد 27 بڑے ریلوے حادثات پیش آئے ۔ ان میں 259 مسافرین ہلاک اور 899 شدید زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سیفٹی کیلئے مختص بجٹ اور بلٹ ٹرین کی باتوں کے معاملے میں ترجیحات کو بدلنا ضروری ہے ۔ سرجے والا نے کہا کہ اتکل ایکسپریس حادثہ کے معاملے میں ابتدائی رپورٹ میں یہ پتہ چلا ہے کہ رابطہ کے فقدان کی وجہ سے ٹرین پٹری سے اتر گئی ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے سریش پربھو اور ریلوے حکام لاپرواہی اور مسافرین کی سکیورٹی کے معاملے میں کاہلی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے جارہے ہیں ۔ وزیر ریلوے کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئیے ۔ اب بلٹ ٹرین کی بات نہ کی جائے ۔ جب کبھی کوئی حادثہ پیش آتا ہے اسے سازش کا نام دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سریش پربھو مسلسل خانگیانے کی بڑی اسکیمات کا اعلان کرتے رہتے ہیں اور وہ مسافرین کا تحفظ یقینی بنانے کی اپنی بنیادی ذمہ داری میں ناکام ہوگئے ہیں ۔

5 سال میں 586 ٹرین حادثات
نئی دہلی ۔ /20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ 5 سال کے دوران 586 ٹرین حادثات پیش آئے جن میں تقریباً 53 فیصد حادثات ٹرین پٹریوں سے اترنے کے تھے ۔ ریلویز کی جانب سے حفاظتی پہلوؤں کو بہتر بنانے کی کئی کوششوں کے باوجود ٹرین حادثات مسلسل پیش آرہے ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2014 ء سے اب تک 20 ٹرین حادثات پیش آئے ۔ ان میں بدترین حادثہ /20 نومبر 2016 ء کو پیش آیا جہاں اندور ۔ پٹنہ ایکسپریس ٹرین کانپور کے قریب پٹری سے اترگئی اور اس میں 150 افراد ہلاک ، 150 سے زائد زخمی ہوئے ۔ مظفر نگر میں ہفتہ کی شب اتکل ایکسپریس کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے جس میں 21 افراد ہلاک اور 97 زخمی ہوئے ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT