Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / وشاکھاپٹنم میں ایکسلنس سنٹر کا قیام

وشاکھاپٹنم میں ایکسلنس سنٹر کا قیام

مائیکرو سافٹ سے حکومت آندھراپردیش کا معاہدہ
حیدرآباد۔28 ڈسمبر (سیاست نیوز) سی ای او مائیکرو سافٹ مسٹر ستیہ نادیلا کے دورہ حیدرآباد کا بہترین فائدہ حکومت آندھراپردیش نے حاصل کیا اور وشاکھاپٹنم میں ایکسلنس سنٹر قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ حکومت تلنگانہ کو مسٹر ستیہ نادیلا نے ٹی ہب کی ترقی میں تعاون کا تیقن دیا۔ مائیکرو سافٹ سی ای او مسٹر ستیہ نادلا نے آج چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ ناشتے کے بعد منعقدہ بات چیت کے دوران وشاکھاپٹنم میں مائیکرو سافٹ ایکسلنس سنٹر کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے۔ حکومت آندھراپردیش کے ساتھ مائیکرو سافٹ کے معاہدے کو اہم ترین سنگ میل تصور کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائیکرو سافٹ کے درمیان تقریباً 80 منٹ گفتگو ہوئی بعدازاں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے مطابق حکومت آندھراپردیش ایکسلنس سنٹر کے قیام کے ساتھ مائیکرو سافٹ کی عصری ٹکنالوجی کے استعمال کی اہل قرار پائے گی اور حکومت کی جانب سے شہری خدمات ، تعلیمی خدمات کے علاوہ زرعی ترقی کے سلسلہ میں مائیکرو سافٹ کی عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا۔ ستیہ نادیلا نے چیف منسٹر آندھراپردیش سے ملاقات کے بعد ریاست تلنگانہ میں قائم کئے گئے ٹیکنالوجی ہب (ٹی ہب) میں تجارتی برادری سے تعلق رکھنے والوں سے ملاقات کے دوران اپنے شخصی تجربات بیان کئے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما رائو نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائیکرو سافٹ کا ٹی ہب میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس مقام پر فراہم کی جانے والی سہولتوں سے واقف کروایا اور کہا کہ حکومت تلنگانہ اس مرکز کو تجارتی و عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔ مسٹر ستیہ نادیلا نے اس موقع پر موجود ٹکنالوجی صنعت سے وابستہ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مائیکرو سافٹ کا شہر حیدرآباد میں وسیع و عریض مرکز موجود ہے۔

TOPPOPULARRECENT