Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / وقار یونس کی فوری برطرفی کا مطالبہ

وقار یونس کی فوری برطرفی کا مطالبہ

کراچی ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق کپتان حنیف محمد نے مستقبل میں مزید ناکامیوں سے بچنے کیلئے ہیڈ کوچ وقار یونس کی فوری برطرفی کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا ‘میرے خیال میں پچھلے چند ماہ کے دوران اتنی ناقص کارکردگی (محدود اوورز کی کرکٹ میں) کے بعد وقار قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے کے مستحق نہیں۔’ پاکستانی کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک روزہ سیریز میں 0-2 جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی۔ کپتان مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹسٹ ٹیم نے کئی یادگار فتوحات حاصل کی ہیں تاہم محدود اوورز کی کرکٹ میں قومی ٹیم انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھا رہی ہے۔ اس سے قبل پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ون ڈے سیریز میں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم ٹسٹ سیریز ہارنے والی انگلش ٹیم سے وائٹ واش ہوئی۔ حنیف محمد نے کہا ‘میرے خیال میں وقار نے اپنی انا کی وجہ سے ٹیم کا ماحول تباہ کردیا ‘۔ انہوں نے کہا کہ وقار اپنے کرکٹ کھیلنے کے دور سے اب تک باہر نکل نہیں پائے جبکہ انہیں پاکستانی ٹیم سے ایشیا ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کی امید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر محسن خان کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنادینا چاہیے۔ حنیف محمد نے کہا ‘جب تک ڈریسنگ روم کا ماحول سازگار نہیں ہوگا، ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔’ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اتنی بری نہیں لیکن کھلاڑی ڈریسنگ روم کے خراب ماحول اور غیر ضروری دباؤ کے باعث اپنا اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کی پے در پے ناکامیوں پر افسردہ ہیں۔کھلاڑیوں کو اعتماد دینا فتوحات کیلئے انتہائی اہم ہوتا ہے اور پاکستانی ٹیم میں اسی کی کمی ہے۔

TOPPOPULARRECENT