Monday , April 24 2017
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ تشکیل کیلئے انتخابی عمل کی تیاریاں

وقف بورڈ تشکیل کیلئے انتخابی عمل کی تیاریاں

حکومت کے گرین سگنل پر محکمہ اقلیتی بہبود الیکشن آفیسر کے تقرر کیلئے سرگرم
حیدرآباد۔/26نومبر، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کی تشکیل کے سلسلہ میں گرین سگنل ملتے ہی محکمہ اقلیتی بہبود نے انتخابی عمل کی تیاری شروع کردی ہے اور بہت جلد الیکشن آفیسر کے تقرر کا اعلان کردیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود جو وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز بھی ہیں انہوں نے اس سلسلہ میں ماہرین قانون اور بورڈ کے عہدیداروں سے مشاورت کی۔ وہ چاہتے ہیں کہ مقررہ 40 دن میں وقف بورڈ کی تشکیل کا عمل مکمل کرلیا جائے اور ابتدائی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے الیکشن آفیسر کا تقرر عمل میں لایا جائے۔ الیکشن آفیسر کیلئے ایسے عہدیدار کی تلاش جاری ہے جو نہ صرف اوقافی امور سے واقف ہو بلکہ حکومت کے منشاء کے مطابق جلد از جلد بورڈ کی تشکیل کا عمل مکمل کرسکے۔ آندھرا پردیش حکومت نے بورڈ کی تشکیل کیلئے 6 ماہ قبل الیکشن آفیسر کا تقرر کیا تھا لیکن آج تک یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ اس تجربہ کو دیکھتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود نے اسسٹنٹ سکریٹری رتبہ کے ایک اقلیتی عہدیدار کے نام کو الیکشن آفیسر کی حیثیت سے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر یا منگل کو اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا اور جلد ہی اعلامیہ جاری ہوگا۔ اگرچہ وقف بورڈ کے الیکشن میں رائے دہندوں کی نشاندہی اور فہرست تیار کرنا الیکشن آفیسر کا کام ہے لیکن  عاجلانہ تشکیل کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے اپنے طور پر فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے تاکہ الیکشن آفیسر کو زیادہ وقت نہ لگے۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ کی تشکیل کی سرگرمیوں پر مقامی سیاسی جماعت کا کنٹرول ہے اور محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار ان کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بورڈ کی تشکیل کی منظوری حاصل ہوتے ہی مقامی جماعت متحرک ہوگئی اور ہر زمرہ میں اپنے امیدواروں کے ناموں کو بھی قطعیت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مقامی جماعت کی نمائندگی کے بعد بورڈ کی تشکیل کا عمل تیزی اختیار کرچکا ہے اور اس سلسلہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کردیا گیا۔ وقف بورڈ کے ملازمین ابھی سے بورڈ میں شامل ہونے والے قائدین سے ملاقاتیں کرتے ہوئے پیشگی مبارکباد پیش کررہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT