Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ میں فائیلوں کی یکسوئی کا جائزہ ، فیصلوں پر فائیلوں کی طلبی

وقف بورڈ میں فائیلوں کی یکسوئی کا جائزہ ، فیصلوں پر فائیلوں کی طلبی

سکریٹری اقلیتی بہبود فائیلوں کی یکسوئی میں مصروف ، صدر نشین الحاج محمد سلیم کا سخت ردعمل
حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد بھی عہدیداروں کی جانب سے بعض اہم فائیلوں کی یکسوئی کی شکایات پر صدر نشین جناب محمد سلیم نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے سابق عہدیدار مجاز اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر کے بعض فیصلوں کے بارے میں متعلقہ فائیلیں طلب کی ہیں تاکہ ان کا جائزہ لیا جاسکے۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے وضاحت کی کہ صرف ایسی فائیلوں کی یکسوئی کی گئی جن کی کارروائی وقف بورڈ کی تشکیل سے قبل شروع کی جاچکی تھی۔ ورنگل میں انارم شریف درگاہ کے انتظامات سے متعلق آکشن کو منظوری دی گئی اور یہ کارروائی بورڈ کی تشکیل سے قبل ہی شروع کی گئی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اوپن ٹنڈر وقف بورڈ کی تشکیل سے قبل طلب کئے گئے تھے اور سب سے زائد بولی دینے والے شخص کو ٹنڈر الاٹ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے جس کا وقف بورڈ کی تشکیل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بعض دیگر فیصلوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور کہا کہ ہفتہ کے دن بورڈ کے پہلے اجلاس میں اس مسئلہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران صدرنشین جناب محمد سلیم کی ہدایت پر رکن وقف بورڈ  ملک معتصم خاں نے حج ہاوز پہنچ کر انارم شریف درگاہ کی فائیل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ سے ملاقات کی اور بورڈ کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ واضح رہے کہ بورڈ کی تشکیل کے بعد بھی سکریٹری اقلیتی بہبود نے بعض زیر التواء فائیلوں کی یکسوئی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ تاہم چیف ایکزیکیٹو آفیسر اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ سکریٹریٹ میں زیر التواء فائیلیں جلد سے جلد واپس لائی جائیں۔ بورڈ کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ پہلا اجلاس اہمیت کا حامل ہوگا جس میں کئی اُمور زیر بحث آسکتے ہیں۔صدرنشین جناب محمد سلیم نے اس مسئلہ پر بورڈ کے دیگر ارکان سے بھی مشاورت کی ہے اور وہ گزشتہ دو ماہ کے دوران عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے اہم فیصلوں کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض متولیوں اور کمیٹیوں کی میعاد میں توسیع سے متعلق فیصلوں کے بارے میں بھی وضاحت طلب کی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT