Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / وقف بورڈ کو کرایہ ادا کیا جائے ، مکہ مدینہ علاء الدین کرایہ داروں کو ہدایت

وقف بورڈ کو کرایہ ادا کیا جائے ، مکہ مدینہ علاء الدین کرایہ داروں کو ہدایت

اندرون پندرہ یوم نوٹس ، بقایا جات ادائیگی میں مہلت ، الحاج محمد سلیم
حیدرآباد۔10 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے مکہ مدینہ علا الدین وقف کے کرایہ داروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کرایہ جات وقف بورڈ کو ادا کریں۔ عدالت نے وقف بورڈ سے کہا کہ وہ اندرون 15 یوم تمام کرایہ داروں کو نوٹس جاری کریں اور انہیں بقایا جات کے ساتھ کرایہ کی ادائیگی کے لیے مزید 15 دن کی مہلت دی جائے۔ مکہ مدینہ علا الدین وقف کے کرایہ داروں کی اسوسی ایشن نے عدالت میں درخواست داخل کی جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ٹرسٹ کو کرایہ ادا کررہے ہیں جبکہ وقف بورڈ اسے کرایہ دینے کا مطالبہ کررہا ہے۔ جسٹس رام لنگیشور رائو کے اجلاس پر سماعت ہوئی جس میں وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل ایم اے مجیب نے استدلال پیش کیا کہ یہ ملگیات وقف جائیداد ہے۔ لہٰذا کرایہ داروں کو وقف بورڈ میں کرایہ جمع کرنے کی ہدایت دی جائے۔ انہوں نے متولی کی برخاستگی اور انتظامات وقف بورڈ کی راست نگرانی میں لینے سے متعلق تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی۔ کرایہ داروں کے وکیل کا استدلال تھا کہ کسی بھی متولی کو 5 سال سے زیادہ عرصہ کے لیے معطل نہیں کیا جاسکتا اور یہ مدت ختم ہوچکی ہے۔ لہٰذا کرایہ دار الجھن کا شکار ہیں کہ آخر کس کو کرایہ ادا کریں۔ وقف بورڈ کی جانب سے کرایوں میں اضافہ کے ساتھ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ بصورت دیگر تخلیہ کی دھمکی دی گئی ہے۔ وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل کے مطابق عدالت نے وقف بورڈ کو اندرون 15 یوم نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی اور مزید 15 دنوں میں کرایہ دار بقایا جات کے ساتھ کرائے وقف بورڈ میں جمع کردیں گے۔ اس طرح مکہ مدینہ علا الدین وقف جیسی اہم اوقافی جائیداد کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو اہم کامیابی ملی ہے۔ عدالت نے ایک ماہ بعد مقدمہ کی آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT