Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے بل کا مسودہ تیار

وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے بل کا مسودہ تیار

مرکزی وزیر نجمہ ہبت اللہ ’’ہم دو ہمارے دو‘‘ چھوٹے خاندان کی حامی
بھوپال ۔ /24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے آج کہا کہ ان کی وزارت نے وقف بورڈ جائیدادوں کے تحفظ کیلئے بل کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور بہت جلد اسے مرکزی کابینہ میں پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل تیار کیا جارہا ہے ۔ بھوپال میں وقف جائیدادوں پر بڑے پیمانے پر قبضوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر مسلم طبقہ عوامی تحریک شروع کرتے ہوئے احتجاج کرے تو وہ اس میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھیائی تحریک کے ذریعہ ہی ان قبضوں کو برخواست کیا جاسکتا ہے ۔ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ ہندوستان بھر میں وقف بورڈ کے تحت جائیدادیں تقریباً 6 لاکھ ایکر سے زائد پر پھیلی ہوئی ہیں ۔ سچر کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وقف جائیدادوں کو استعمال میں لایا جائے تو سالانہ 12 ہزار کروڑ روپئے حاصل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے دو بچوں پر مشتمل چھوٹے خاندان کی وکالت کی جبکہ ایک دن قبل مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ہر خاندان میں بچوں کی محدود تعداد کیلئے قانون سازی کی تجویز دی تھی ۔ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ دو بچوں کی حامی رہی ہیں حالانکہ خود انہیں تین بچے ہیں ۔ اس طرح وہ خود ایک مجرم ہیں ۔ اگر دو بچوں کی پابندی پہلے ہی لگادی جاتی تو وہ بھی اس پر عمل کرتیں ۔

TOPPOPULARRECENT