Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ولیمسن کی ایک اور سنچری ‘ نیوزی لینڈ نے سیریز 2-0 سے جیت لی

ولیمسن کی ایک اور سنچری ‘ نیوزی لینڈ نے سیریز 2-0 سے جیت لی

ہیملٹن۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے گئے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسے میچ جیتنے کے لئے مزید 47 رنز کی ضرورت تھی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 108 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی  سے ہمکنار کروایا۔ اس شاندار کارکردگی پر کین ولیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ایک عمدہ آغاز کے باوجود صرف 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے نیوزی لینڈ کویہ میچ جیتنے کے لئے 189 رنز کا نشانہ دیا تھا۔نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور محض 11 رنز پر اس کے دونو اوپنرز آؤٹ ہو چکے تھے لیکن پھر کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے اننگز کو سنبھالا ۔ راس ٹیلر 35 اور کپتان برنڈن مکالم 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے دوسری اننگز میں چار وکٹیں جبکہ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے تیسری دن سری لنکا کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر کرونارتنے اور کوشل مینڈس نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔تاہم اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفہ وقفہ سے گرتی رہیں اور کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ کرونا رتنے 27 اور مینڈس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور نیل ویگنر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ساؤتھی نے چار اور ویگنر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بریسویل نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 292 رنز کے جواب میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل 50 اور مچل سینٹنر 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں نوجوان بولر دشمانتھا چمیرا پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو 55 رنز کی برتری دلانے میں کامیاب رہے۔سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان میتھیوز 77 اور سری وردنا 62 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو اس سیریز میں پہلی ہی برتری حاصل تھی۔ڈونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 122 رنز سے شکست دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT