Friday , August 18 2017
Home / جرائم و حادثات / ونپرتی کے قریب اندوہناک حادثہ ‘ پرانے شہر کے 6 افراد ہلاک

ونپرتی کے قریب اندوہناک حادثہ ‘ پرانے شہر کے 6 افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ /23 اکٹوبر (سیاست نیوز) ضلع محبوب نگر کے ونپرتی ، رنگاپور موضع قومی شاہراہ 44 پر پیش آئے ایک اندوہناک حادثہ میں پرانے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 6 تاجر پیشہ افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ تمام تاجر پیشہ افراد چھتہ بازار میں واقع پرنٹنگ اور کارڈز کے کاروبار سے وابستہ تھے ۔ تفصیلات کے بموجب چھتہ بازار کے بعض تاجرین کا ایک گروپ تفریح کیلئے حیدرآباد سے آج صبح کیرالا کیلئے انووا کار میں روانہ ہوا تھا جس میں الطاف پرنٹرس کے مسٹر یونس ، گلوبل کارڈس کے مسٹر مظہر الدین فہیم ، دکن کارڈ اور معین پرنٹنگ کے مسٹر اعجاز حسین ، شارپ کارڈس اینڈ اسٹیشنری مسٹر عبدالستار ، محمد مختار اور مسٹر ذاکر حسین جن کا تعلق کیرالا سے ہے شامل تھے ۔ تیز رفتار انووا کار کا ٹائر اچانک پھٹ جانے کے سبب گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور گاڑی اُلٹ کر قریب کے کھیت میں جاگری ۔ اس حادثہ میں مسٹر یونس کے علاوہ تمام افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ ونپرتی سب انسپکٹر مسٹر وی پرکاش یادو نے بتایا کہ حادثہ میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور مہلوکین کی نعشوں کو بعد پوسٹ مارٹم حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میں زخمی محمد یونس کو علاج کیلئے کرنول کے دواخانہ میں شریک کیا گیا اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد حیدرآباد منتقل کردیا گیا ۔ حادثہ میں اچانک پانچ تاجرین کی ہلاکت کے بعد چھتہ بازار مارکٹ میں غم کی لہر دوڑ گئی اور تاجرین نے اپنی دکانیں بند کردی ۔ مارکٹ میں کئی مقامات پر سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے ۔

TOPPOPULARRECENT