Monday , July 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ونڈیزکا مستقبل تابناک نہیں:سیمی

ونڈیزکا مستقبل تابناک نہیں:سیمی

لندن۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام)ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کو اپنے ملک کی کرکٹ کے مستقبل کی فکر لاحق ہو گئی ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ حالات میں بڑے ناموں کی ٹیم میں جلد واپسی کی کوئی امید ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے بیشتر نامور کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی بجائے دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز سلیکٹرز ملک ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو ہی قابل غور سمجھتے ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر رہے ہوں اور اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ کرس گیل اور مارلن سیمیولز جیسے کھلاڑی کیریبین سائیڈ کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ ویسٹ انڈیز کے اکثر کھلاڑی کیریبین پریمیئر لیگ میں تو کھیلتے ہیں لیکن دیگر مقابلوں میں ان کی شرکت اس وجہ سے ممکن نہیں ہوتی کہ اسی دوران مختلف ممالک میں ٹی ٹوئنٹی لیگز کے میچز کیریبین ڈومیسٹک کرکٹ سے متصادم ہوتے ہیں۔33 سالہ آل راؤنڈر نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی کھلاڑی کو بیرون ملک لیگز کھیلنے سے نہیں روک سکتے کیونکہ انہیں اس طرح اپنے خاندانوں کی دیکھ بھال کیلئے مالی استحکام مل رہا ہے۔ ڈیرن سیمی کے مطابق موجودہ کرکٹ کا ڈھانچہ انہیں بہتری کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتا اور خدشہ یہ ہے کہ مزید تنزلی کے بعد ان کی ٹیم کو آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلنا ہوگا جو انتہائی مایوس کن بات ہو گی۔ اگر کوئی ویسٹ انڈین کرکٹ کو ٹھیک کرنا چاہتا ہے تو اسے ہر فارمیٹ کے موزوں کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہوگا اور کوشش کرنا ہو گی کہ انہیں مختلف ٹورنمنٹس میں کھیلنے کے مواقع بھی ملیں لیکن موجودہ انتظامیہ کے ہوتے ایسا ہونا ممکن نہیں ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT