Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ونڈے سیریز میں بھی افریقہ کی کامیاب شروعات ‘ ہندوستان کو شکست مہمان ٹیم کے 303/5 کے جواب میں میزبان ٹیم 298/7 ۔ ڈی ولئیرس کی سنچری ۔ روہت کی سنچری رائیگاں

ونڈے سیریز میں بھی افریقہ کی کامیاب شروعات ‘ ہندوستان کو شکست مہمان ٹیم کے 303/5 کے جواب میں میزبان ٹیم 298/7 ۔ ڈی ولئیرس کی سنچری ۔ روہت کی سنچری رائیگاں

کانپور 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا کامیاب انداز میں آعاز کیا ہے اور اس نے میزبان ٹیم کو پہلے میچ میں ‘ جو کافی سنسنی خیز اور دلچسپ رہا ‘ 5 رنوں سے شکست دے کر اپنی پہلی کامیابی درج کی ہے ۔ جنوبی افریقہ نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان اے بی ڈی ولئیرس کی بہترین سنچری کی بدولت پانچ وکٹس پر 303 رنز اسکور کئے تھے جبکہ ہندوستانی ٹیم اس بڑے اسکور کے تعاقب میں سات وکٹس گنواکر اپنے مقررہ 50 اوورس میں 298 رنز ہی اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے اوپنر روہت شرما نے بھی سنچری اسکور کی لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے ۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 303 رنز بنائے ۔ اوپنرس کوانٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اچھی شروعات فراہم کی تھی ۔ ڈی کاک 29 رن بناکر اشون کی گیند پر رائنا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ ہاشم آملہ کو 37 کے انفرادی اسکور پر امیت مشرا نے بولڈ کیا تھا ۔

ڈو پلیسی کو 62 رن کے اسکور پر اومیش یادو نے ایل بی ڈبلیو کیا ۔ ڈو پلیسی نے 77 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا تھا ۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولئیرس نے شاندار بیٹنگ کی اور ہندوستانی بولرس کی جم کر پٹائی کی ۔ انہوں نے محض 73 گیندوں میں چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 104 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کئے ۔ ڈیوڈ ملر صرف 13 رن ہی بناسکے ۔ امیت مشرا کی گیند پر دھونی نے انہیں اسٹمپ کیا ۔ جے پی ڈومینی بھی صرف 15 رن ایک چھکے کی مدد سے بناسکے ۔ اومیش یادو کی گیند پر دھونی نے ان کا کیچ لیا جبکہ بہردین 19 گیندوں میں تیز رفتار 35 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے تھے ۔ ہندوستان کیلئے امیت مشرا اور اومیش یادو نے دو دو وکٹس لئے جبکہ اشون کو ایک وکٹ ملی ۔

جواب میں ہندوستان کی شروعات بھی اچھی رہی ۔ اوپنر روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 133 گیندوں میں چھ چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے ۔ انہیں عمران طاہر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر پویلین بھیجا ۔ شکھر دھون 23 رن بناکر مورکیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ اجنکیا رہانے نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور پانچ چوکوں کی مدد سے 60 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ بہردین کی گیند پر ملر نے ان کا کیچ لیا ۔ ویراٹ کوہلی زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور صرف گیارہ رن بناکر ڈیل اسٹین کی گیند پر مورکل کو کیچ دے بیٹھے ۔ سریش رائنا بھی صرف تین رن بناسکے اور عمران طاہر کی گیند پر ڈومینی نے ان کا کیچ لیا ۔ کپتان دھونی آخری اوور میں آوٹ ہوئے ۔ رباڈا نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا ۔ دھونی نے ایک چوکے کی مدد سے 31 رن بنائے ۔ اسٹیورٹ بنی دو رن بناکر رباڈا کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے ۔ بھونیشور کمار ایک اور امیت مشرا صفر پر ناٹ آوٹ رہے۔ میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر جنوبی افریقہ کے کپتان ڈی ولئیرس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے رباڈا اور عمران طاہر کو دو دو وکٹس حاصل ہوئے جبکہ ڈیل اسٹین ‘ بہردین اور مورنی مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

TOPPOPULARRECENT