Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ونڈے ٹیم میں شہزادکی شمولیت مشکل،عمر کی واپسی متوقع

ونڈے ٹیم میں شہزادکی شمولیت مشکل،عمر کی واپسی متوقع

کراچی۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے  اوپنر احمد شہزاد کی مشکلات کم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہیں ‘سلیکٹرز بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کی کارکردگی پر احمد شہزاد کو آسٹریلیا کی ونڈے سیریز میں موقع دینے کے حق میں نظر نہیں آرہے ہیں۔ اپریل میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے بعد سے احمد شہزاد پاکستان ٹیم سے باہر ہیں۔ذرائع کے بموجب سلیکٹرز آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں عمر اکمل کو منتخب کریں گے لیکن احمد شہزاد جنہوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ میں اچھی کارکر دگی دکھائی تھی ان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کے امکانات نہیں ہیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی احمد شہزاد کے حق میں دکھائی نہیں دیتے ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان ٹیم منتخب کرتے وقت بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کی کارکردگی کو اہمیت نہیں دی جائے گی۔ شرجیل خان اور اظہر علی کی موجودگی میں ونڈے ٹیم میں کسی اور اوپنر کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔ توقع ہیکہ ونڈے ٹیم میں شعیب ملک، حسن علی، عماد وسیم اور عمر اکمل کو شامل کیا جائے گا۔ سلیکٹرز ٹسٹ سیریز میں کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں ان میں اسد شفیق بھی شامل ہیں‘ اگر اسد شفیق ٹسٹ سیریز میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔ کامران اکمل ایک مرتبہ پھر سلیکٹرز کی نظروں میں ہیں تاہم ان کے لئے پی سی بی کی اجازت کے ساتھ ٹیم انتظامیہ کی رائے بھی اہم ہوگی۔ ذرائع کے بموجب آسٹریلیا کی مضبوط اور مشکل ٹیم کے خلاف سلیکشن کمیٹی زیادہ تجربات نہیں کرنا چاہتی لیکن  وہی فیصلے کئے جائیں گے جو ٹیم کے لئے ناگزیر ہوں ۔

TOPPOPULARRECENT