Saturday , May 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / ونڈے کی تازہ ترین درجہ بندی میں پاک۔ویسٹ انڈیز کو کوئی فائدہ نہیں

ونڈے کی تازہ ترین درجہ بندی میں پاک۔ویسٹ انڈیز کو کوئی فائدہ نہیں

بئی ۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ونڈے سیریز کے اختتام پر  اپنی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی جہاں دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی کے لئے اپنا موقف مستحکم کرنے میں ناکام رہیں جبکہ بابراعظم سرفہرست دس بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے ہیں۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز میں 2-1 سے شکست دی جس کے باوجود دونوں ٹیموں کے مقامات اور موقف پرکوئی فرق نہیں پڑا اور دونوں ٹیمیں اپنے سابق نمبر پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سیریز کا پہلا میچ جیتا تھا تاہم اگر وہ سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کرتی تو اس کے 87 نشانات ہوجاتے اور ان کا مقام بہتر ہوتا جبکہ دوسری جانب پاکستان کلین سوئپ کرتا تو بنگلہ دیش سے ساتواں مقام چھین لیتا اور ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی ممکن ہوجاتی۔اس طرح پاکستان نے ایک آسان سیریز میں کلین سوئپ اور درجہ بندی میں ترقی کا نادر موقع گنوا دیا اور محض ایک نشان کے اضافے سے نشانات کی تعداد 90 کرتے ہوئے بدستور آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ایک نشان کی تنزلی ہوئی اور 83 نشانات کے ساتھ بدستور نویں مقام پر موجود ہے۔ خیال رہے کہ میزبان انگلیند کے علاوہ سرفہرست سات ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کھیلنے کی اہل ہوں گی جبکہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائر کھیلنا ہوگا۔ورلڈ کپ میں رسائی ابھی بھی دونوں ٹیموں کی یقینی  نہیں ہے کیونکہ پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی میں ہندوستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی بڑی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے اور اس میں شکست ٹیم کو مزید تنزلی سے دوچار کر سکتی ہے جبکہ اس کے بعد بنگلہ دیش سے بھی ونڈے سیریز کا امکان ہے۔دریں اثناء ویسٹ انڈیز چیمپیئنز ٹرافی کا تو حصہ نہیں لیکن اسے افغانستان سے سیریز کھیلنے کے بعد انگلینڈ سے اسی کی سرزمین پر میچز کھیلنے ہیں اور اس سیریز کا آخری میچ 29ستمبر کو کھیلا جائے گا لہٰذا تاحال دونوں ہی ٹیموں کے امکانات روشن اور مشکلات بھی برقرار ہیں۔تازہ ترین درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کا نمبر پہلا ہے ، آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور ہندوستان چوتھے نمبر پرموجود ہے جبکہ انگلیند پانچ اور سری لنکا چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستانی نوجوان بابراعظم سیریز میں بہترین کارکردگی کے بعد کیریئرکی بہترین مقام 8 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمد حفیظ اپنا مقام بہتر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے جیسن محمد 93 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بولنگ کی درجہ بندی میں محمد حفیظ 10 درجے ترقی کے ساتھ 27 واں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی کو دوسرا مقام گنوانا پڑا۔بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز موجود ہیں، دوسرے نمبر پر ڈیوڈ وارنر، تیسرے نمبر پر  ویراٹ کوہلی اور چوتھے نمبر پر انگلیند کے جوروٹ ہیں۔جنوبی افریقہ کے فاف ڈیوپلیسی، کوئنٹن ڈی کوک اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ سرفہرست دس بیٹسمینوں کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نویں اور آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بولروں کی فہرست میں عمران طاہر بدستور پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک دوسرے، نیوزی لیند کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن چوتھے مقام پر اور جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا کا نمبر پانچ ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT