Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ووزنیاکی نے ہانگ کانگ اوپن کا سنگلز خطاب جیت لیا

ووزنیاکی نے ہانگ کانگ اوپن کا سنگلز خطاب جیت لیا

ہانگ کانگ 16 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی نے ہانگ کانگ اوپن کے فائنل میں فرانس کی چیلنجر کرسٹینا ملاڈنووچ کو شکست دے کر سنگلز خطاب جیت لیا ہے ۔ انہوں نے تقریبا تین گھنٹوں تک چلے مقابلہ میں سخت جدوجہد کے بعد یہ کامیابی حاصل کی ۔ ڈنمارک کی ووزنیاکی اس ٹورنمنٹ میں پانچویں سیڈ کے ساتھ داخل ہوئی تھیں اور انہوں نے پہلے سیٹ میں زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ یہ سیٹ انہوں نے 6 – 1 سے جیتا تھا ۔ 23 سالہ ملاڈنووچ نے دوسرے سیٹ میں زبردست مزاحمت کے ذریعہ واپسی کی ۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسرے سیٹ میں زبردست جدوجہد کی اور یہ سیٹ 6 – 6 پر پہونچ گیا تھا تاہم ملاڈنووچ نے ٹائی بریک کو 7 – 4 سے جیت کر دوسرا سیٹ اپنے نام کرلیا ۔ شائقین سے بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں جہاں دونوں کھلاڑی زبردست جدوجہد کر رہی تھیں وہیں شائقین بھی پوری دلچسپی کے ساتھ میچ کا مشاہدہ کر رہے تھے ۔ ووزنیاکی نے تاہم تیسرے سیٹ میں تھکن زدہ نظر آنے والی ملاڈنووچ کے خلاف اچھی تیزی دکھائی اور کچھ طاقتور شاٹس لگائے ۔ انہوں نے سرویس بھی بہترین کی اور میدان پر پوری تیزی اور پھرتی کے ساتھ دوڑ رہی تھیں۔ انہوں نے تیسرا سیٹ 6 – 2 سے جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا ۔ ووزنیاکی اپنے کیرئیر میں ایک بار پھر بہتر کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور اس سال وہ امریکی اوپن کے سیمی فائنلس تک پہونچی تھیں ۔ انہوں نے ٹوکیو میں پان پیسیفک اوپن کا سنگلز خطاب بھی جیتا تھا ۔ ووزنیاکی نے ہانگ کانگ اوپن کے سیمی فائنل میں ایک اور سابقہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی جیلینا یانکووچ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔ ملاڈنووچ اپنے کیرئیر میں پہلے ڈبلیو ٹی اے خطاب کیلئے جدوجہد کر رہی تھیں۔ وہ تیسری مرتبہ کسی ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہونچی ہیں لیکن وہ خطاب جیتنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے ہانگ کانگ میں سیمی فائنل میںآسٹریلیا کی ڈاریا گوریلووا کو شکست دی تھی ۔ وینس ولیمس اور موجودہ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی انجیلک کربر اس ٹورنمنٹ کے ابتدائی دور میں ہی باہر ہوگئیں۔

TOPPOPULARRECENT