Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / وکٹ پر گھاس اور معیاری بولنگ کیخلاف ہندوستان بے بس

وکٹ پر گھاس اور معیاری بولنگ کیخلاف ہندوستان بے بس

میزبان ٹیم 101 رنز پر ڈھیر، سری لنکا 5 وکٹوں سے فاتح

پونے۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے ہندوستان کو 3 ٹوئنٹی20 مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ سری لنکا نے  پونے کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے مقابلے میں ٹاس جیت کر بولروں کے لئے سازگار گھاس سے بھرپوروکٹ پر پہلے بیٹنگ کے لئے میزبان ٹیم کو مدعو کیا اور مہمان بولروں نے اپنے لئے سازگار حالات کا پورا پورا فائدہ اٹھایا اور ہندوستانی ٹیم کو 19 ویں اوور میں 101 رنز ڈھیر کردیا۔ لوور آرڈر میں روی چندرن اشون 31 رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹسمین  رہے اور ان کی اننگز کی بدولت ہندوستانی ٹیم 100 رنز کا ہندسہ عبور کرپائی۔ علاوہ ازیں سریش رائنا 20 اور یوراج سنگھ 10 رنز کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین  دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔ سری لنکا کی جانب سے اپنے کریر کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر کاسن راجیتھا نے مقابلے کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما (0 ) اور اجنکیا راہانے (4 ) کو آوٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو شدید نقصان سے دوچار کیا ۔ ان کے علاوہ  داسن شاناکا نے فی کس 3  وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنرنیروشان ڈک ویلا 4 اور دانوشکا گناتھیلاکا 9 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے اس وقت سری لنکا کا اسکور 23 رنز تھا۔ان دو کھلاڑیوں کو سنیئر بولر آشش نہرا نے پویلین کی راہ دکھائی۔ کپتان چنڈیمل اور کپوگیدرانے اسکور کو 62 رنز تک پہنچا کر سری لنکا کو مشکلات  سے باہر نکالا تاہم چنڈیمل 35 اور کپوگیدرا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاناکا تھے جنھوں نے 3 رنز بنائے۔ سری لنکا نے مطلوبہ نشانہ18ویں اوور میں حاصل کرلیا جس میں  سری وردنا 21 اور پراسنا 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ہندوستان کے لئے نہرا اور اشون نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سریش رائنا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ سری لنکا کے راجیتھا کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا اگلا میچ 12 فروری کو رانچی میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT