Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویراٹ کوہلی سے بیشمارتوقعات وابستہ

ویراٹ کوہلی سے بیشمارتوقعات وابستہ

ٹیم کی کامیابی کیلئے نئے کپتان بے چین ‘ سیریز سری لنکا کیلئے اہم : رومیش کلوویتھرنا

کولمبو۔9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی بحیثیت کپتان کس حد تک خود کو تیار کرپاتے ہیں ‘ سری لنکا کے سابق بیٹسمین رومیش کلوویتھرنا نے کہا کہ ہندوستان کے نئے پُرجوش کپتان کامیابی کے بھوکے نظرآرہے ہیں لیکن انہیں بے شمار توقعات اور امیدوں سے بھی نمٹا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کیلئے ویراٹ کوہلی سے کافی توقعات وابستہ کرلی گئی ہے ۔ ہندوستان میں عوام اُن کے مظاہرہ سے دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ بحیثیت کپتان کوہلی خود کو کس طرح تیار کرپائیں گے ۔ انہیں عوام کی توقعات سے نمٹنا ہے اور انہیں یقین ہے کہ نئے کپتان بہتر مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ کامیابی کیلئے بے چین ہیں ۔ سابق وکٹ کیپر /بیٹسمین جو اس وقت سری لنکا اے کے کوچ بھی ہیں اور انہیں بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے کوچ کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے کہا کہ مجوزہ تین ٹسٹ میچس کی سیریز سری لنکا کیلئے بھی کافی اہمیت کی حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف گذشتہ سیریز میں ہم بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے لیکن یہ سیریز سری لنکا کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے ۔ ہمیں کامیابی کی راہ پر واپس آنا ہوگا کیونکہ اسی کی بنیاد پر ہمارے مستقبل کا لائحہ عمل تیار ہوگا ۔ سری لنکا اس سیریز میں کامیابی کیلئے ممکنہ کوشش کرے گا ۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹسٹ میچ 12اگست سے شروع ہورہا ہے ‘ اس سے پہلے کھیلا گیا پریکٹس میچ ڈرا رہا ۔ کلوویتھرانا نے کہا کہ یہ مقابلہ سیریز کیلئے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا ۔ بحیثیت مجموعی ہندوستانی ٹیم نے سال بھر جو مظاہرہ کیا اس سے اندازہ ہوسکتا ہے کہ ٹیم کی تیاری کیسی رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم سیریز سے قبل کافی متوازن دکھائی دے رہی ہے اور یہ ان کے لئے نئے سیزن کا آغاز ہوگا ۔ وہ بالخصوص بولنگ شعبہ سے کافی متاثر ہیں ۔ گذشتہ تین سہ روزہ میچ میں بیٹسمین نے زیادہ وقت نہیں دیا لیکن نٹ پر ان کی پریکٹس کافی اچھی تھی ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ساری ٹیم ٹسٹ سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ پریکٹس میچ میں ہندوستان نے دونوں اننگز میں بالترتیب 351 اور 180رنز بنائے تھے ۔ ٹیم کے بولرس نے کافی اچھا مظاہرہ کیا اور بورڈ پریسیڈنٹ الیون کو 121 اور 200/6 تک محدود کردیا تھا ۔ اجنکیارہانے نے پہلے دن سنچری بنائی ۔ اس کے علاوہ شکھر دھون ‘کے ایل راہول اور چیٹیشور پجارا نے بھی اچھا اسکور کیا تھا ۔ بولرس میں ایشانت شرما اور آر اشون نے کافی متاثر کیا ۔لیکن دونوں اننگز میں روہت شرما ‘ ویراٹ کوہلی اور ردھیمان ساہا کے جلد آؤٹ ہوجانے سے کئی سوالات ابھر رہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT