Saturday , June 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ درجہ بندی میں ایک اور مقام کا نقصان

ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ درجہ بندی میں ایک اور مقام کا نقصان

دبئی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں رواں ہفتہ ایک اور مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اب وہ تنزلی کے بعد چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ تاہم آف اسپنر روی چندرن اشون نے آل راونڈرس کی فہرست میں بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن سے پہلا مقام چھین لیا ہے۔ کوہلی جن کا آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز میں مظاہرہ مایوس کن ہے جیسا کہ انہوں نے دو مقابلوں کی چار اننگز میں 0,13,12, اور 15 رنز اسکور کئے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو ان مظاہروں کا صلہ ملا ہے اور وہ اب کوہلی اور انگلینڈ کے کپتان جیوروٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے مقام پر آ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ جنہوں نے ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں سنچری اسکور کی تھی وہ بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں۔ آئی سی سی نے گذشتہ روز جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان منعقدہ ٹسٹ مقابلہ کے اختتام کے بعد آج تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے۔ ولیمسن جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 130 رنز کی اننگز کھیلی ہے اس کی بدولت وہ دوسرے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ولیمسن نومبر ۔ ڈسمبر 2015ء میں قلیل وقت کیلئے نمبر ایک مقام پر فائز تھے۔ اس وقت ولیمسن کے 869 نشانات ہیں جو تیسرے مقام پر فائز جیوروٹ کے نشانات 848 سے 21 نشانات زیادہ ہیں جبکہ ٹسٹ بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز اسمتھ سے وہ ہنوز 67 نشانات پیچھے ہیں چونکہ اسمتھ 936 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ ہندوستانی بیٹسمینوں میں چیٹیشور پجارا بغیر کسی تبدیلی کے چھٹے مقام پر فائز ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ڈین ایلگر جنہوں نے میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 140 اور 89 رنز سے اسکور کئے ہیں اور اس کی بدولت وہ درجہ بندی میں ایک بڑی چھلانگ لگانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ڈین ایلگر مذکورہ مظاہروں کی بدولت درجہ بندی میں 10 مقامات کی چھلانگ کے ذریعہ کریئر میں پہلی مرتبہ گیارہویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور وہ دسویں نمبر پر فائز ساتھی کھلاڑی اے بی ڈی ولیرس سے 7 نشانات کے فرق سے پیچھے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاپ ڈوپلیسی جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، جس کی بدولت وہ دو نشانات کی ترقی کے بعد 19 ویں مقام پر آ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے کپتان جنہوں نے سری لنکا کے خلاف منعقدہ پہلے ٹسٹ میں 85 اور 34 رنز اسکور کئے ہیں جس کی بدولت انہیں 6 مقامات کی ترقی کے ساتھ 29 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ ٹسٹ بولروں کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے جبکہ آل راونڈر کی فہرست میں بنگلہ دیشی بائیں ہاتھ کے اسپنر شکیب الحسن کو اپنا پہلا مقام ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون کیلئے خالی کرنا پڑا جیسا کہ سری لنکا کے خلاف مایوس کن مظاہروں کی وجہ سے انہیں 38 نشانات کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اب وہ 403 نشانات کے ساتھ اشون سے 31 نشانات پیچھے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT