Wednesday , August 23 2017
Home / جرائم و حادثات / ویزا کی مدت ختم ہونے پر بیرونی شہریوں کے خلاف پولیس کی کارروائی

ویزا کی مدت ختم ہونے پر بیرونی شہریوں کے خلاف پولیس کی کارروائی

14 بیرونی باشندوں کو حراست ، کمشنر سٹی پولیس کی ہدایت کئی علاقوں میں دھاوے
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی شہریوں کے خلاف ٹاسک فورس پولیس نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے 14 بیرونی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی کے ہدایت پر ٹاسک فورس کی ٹیموں نے علاقہ گولکنڈہ، ہمایوں نگر، آصف نگر، لنگر حوض، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، عثمانیہ یونیورسٹی اور ملک پیٹ علاقوں میں بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے صومالیہ، سوڈان، کینیا، تنزانیہ اور یمن سے تعلق رکھنے والے باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 3 یمنی باشندوں علی مطلوب عبداللہ حسین السریٹی ساکن ہمایوں نگر، محمد خالد قاسم المروسی پیراماؤنٹ کالونی بنجارہ ہلز اور قاسم نصیر صالح حسین علی کو پیراماؤنٹ کالونی سے حراست میں لے لیا۔ اسی طرح سوڈان سے تعلق رکھنے والے باشندہ میدھات ایزلڈین محمد عبدالکریم ساکن ریتی باؤلی، یمنی باشندہ امر عبدالکریم محمد عبدو ابدوس کو شیخ پیٹ ٹولی چوکی، تنزانیہ کے سعید مدرق ساکن آصف نگر مراد نگر، صومالیہ کے عمر محمد حسن ساکن الحسنات کالونی ٹولی چوکی، یونس فلاح بنجارہ ہلز، عبدی محمد سعید کینیا، کرسٹوفر سوڈان، یحییٰ سوڈان، احمد عبداللہ سلیمن سوڈان، ابوبکر نگر بشیر سوڈان، سلیم محمد کینیا جو اسٹوڈنٹ ویزا پر شہر آئے تھے اور ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ پولیس نے اس کارروائی میں 5 سوڈانی، 4 یمنی،2 صومالی، 2 کینیائی اور ایک تنزانیہ کے باشندہ کو حراست میں لے لیا اور ان کے بارے میں بیورو آف ایمیگریشن (ایف آر آر او ) کو مطلع کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ بیرونی باشندوں کو کرایہ پر مکان؍ فلیٹس دینے والے مالکین نے ایف آر آر او کو C فارم کے ذریعہ انہیں ان کے قیام سے متعلق اطلاع نہیں دی تھی۔

 

اقدام خودسوزی کرنے والے شخص کی موت
حیدرآباد /3 مئی ( سیاست نیوز ) لنگر حوض کے علاقہ میں ایک شخص نے خودسوزی کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 46 سالہ روی جو پیشہ سے چوکیدار تھا ۔ گذشتہ روز اپنے مکان میں اقدام خودسوزی کرلیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ روی نشہ کی حالت میں دھت تھا اور اس وقت اس کے مکان میں وہ تنہا تھا ۔ اس شخص کی بیوی مہدی پٹنم آر ٹی سی بس ڈپو میں کلکٹر کی خدمات انجام دیتی تھی اور یہ خاندان لنگر حوض کے پرشانت نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔

 

کرکٹ میاچس پر سٹہ کے خلاف کارروائی ، سٹہ باز گرفتار
حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز ) کرکٹ میچس پر سٹہ بازی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ایک سٹہ باز کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 46 سالہ کے سدھیر عرف راجہ ساکن ایسٹ ماریڈ پلی سکندرآباد جو پیشہ سے فلم ڈسٹری بیوٹر ہے اور اس کاروبار میں بھاری نقصان ہونے کے سبب وہ معاشی بحران کا شکار ہوگیا تھا اور وہ اکثر آئی پی ایل کرکٹ میچس پر سٹہ کھیلا کرتا تھا اور اس سے ترغیب لیتے ہوئے اس نے آسانی سے روپیہ کمانے کی غرض سے جاریہ کرکٹ میچس پر سٹہ کا کاروبار اپنے مکان سے چلانا شروع کیا۔ ٹاسک فورس نے اس کے اپارٹمنٹ پر دھاوا کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 36ہزار نقد رقم، تین موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT