Sunday , September 24 2017
Home / عرب دنیا / ویزٹ ویزے والے شامی سعودی عرب میں ملازمت کے اہل قرار

ویزٹ ویزے والے شامی سعودی عرب میں ملازمت کے اہل قرار

۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں خانہ جنگی کی تباہ کاریوں سے متاثر ہو کر ویزٹ ویزہ پر سعودی عرب پناہ لینے والے شامیوں کو خانگی شعبے میں ملازمت کی اجازت ہو گی۔ یاد رہے سعودی عرب میں بغیر ورک ویزہ کسی بھی سرکاری یا خانگی شعبے میں ملازمت کی اجازت نہیں ہوتی۔ اس امر کا انکشاف سعودی وزارت محنت کے کے ذرائع نے روزنامہ ‘الحیات’ سے بات کرتے ہوئے کیا۔ سعودی حکومت نے ملک میں ویزٹ ویزے پر آنے والے شامی اور یمنی باشندوں کے لئے ورک ویزے کی پابندیوں سے استشنٰی دیا ہے۔ ان افراد کو تعلیمی اداروں اور سرکاری ہاسپٹلس میں مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ تین دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی ان کے ملک کی سیاسی صورتحال میں ابتری دیکھتے ہوئے خصوصی مراعات دی گئی تھیں۔ کونسل برائے وزراء کے ایک فیصلے کے تحت برما، ترکستان اور فلسطین کے وہ شہری جن کے پاس مصر کی جاری کردہ سفری دستاویزات ہوں، کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیجا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں موجود شامی دو اصناف میں تقسیم ہیں: ایک طرف تارکین وطن ہیں جن کے پاس باقاعدہ رہائشی پرمٹس [اقامہ] ہے اور دوسرے جو کہ ویزٹ ویزہ پر سعودی عرب میں رہ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ شام میں جاری صورتحال کے پیش نظر شامی تارکین وطن کو اجازت ہے کہ اگر انہیں فائنل ایگزٹ ویزا کے لئے بھجوایا جارہا ہے تو وہ اپنے اصلی کفیل کی اجازت کے بغیر کسی اور شخص کے پاس نوکری کے لئے اپنے اقامہ منتقل کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب میں تارکین وطن کے نوکری کے حصول کے لئے کفیل یا گارنٹر کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ اس شخص کی سعودی عرب میں موجودگی کے عرصے کی گارنٹی دیتا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تین وزارتوں لیبر، داخلہ اور خارمہ امور کے عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی ایک ایسا طریقہ کار وضع کررہی ہے جس کے تحت شامی شہریوں کو عارضی ورک پرمٹ دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ اپنے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی اس کا اطلاق کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT