Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز سے آج تیسرا ٹسٹ ، مصباح اور یونس توجہ کا مرکز

ویسٹ انڈیز سے آج تیسرا ٹسٹ ، مصباح اور یونس توجہ کا مرکز

ڈومینیکا ۔ 9مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مصباح اور یونس کے کیریئر کی شام ڈھلنے لگی  ہے  اورویسٹ انڈیز کیخلاف ڈومینیکا میں کل شروع ہونیوالا تیسرااورآخری ٹسٹ عہد ساز کھلاڑیوں کا وداعی میچ ہوگا ،دونوں رخصتی کو شاندار مظاہرہ سے یاد گار بنانے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ مہمان ٹیم فیصلہ کن میچ جیت کر سیریز میں فتح کے ساتھ  درجہ بندی میں پانچویں مقام کو  بچانے کے بھی متمنی ہیں جس کیلئے مہمان کھلاڑیوں نے تین گھنٹے کا طویل پریکٹس سیشن کیا جہاں فیلڈنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔  پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ کل سے ڈو مینیکا میں شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ مہمان ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور سینئر بیٹسمین یونس خان کیریئر کا آخری ٹسٹ کھیلیں گے۔ مصباح کی زیر قیادت ٹیم  نے میزبان کو پہلے ٹسٹ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کی تھی اور پاکستان کے پاس دوسرا ٹسٹ جیت کر ویسٹ انڈیز کیخلاف اس کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز میں فتح حاصل کر کے تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع تھا لیکن بیٹسمینوں کی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت اسے 106 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور میزبان ٹیم نے سیریز 1-1سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹسٹ کل  شروع ہو گا جہاں پاکستانی ٹیم میچ جیت کر پہلی مرتبہ ویسٹ انڈین سرزمین پر ٹسٹ سیریز جیتنے کیلئے جان لڑائے گی تو دوسری جانب میزبان ٹیم بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین پر ٹسٹ سیریز میں ناقابل شکست رہنے کی روایت کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ کرکٹ سے کنارہ کا اعلان کرچکے مصباح الحق اور یونس خان اپنے اس وداعی میچ کو شاندار مظاہرہ سے یادگار بنا نا چاہتے ہیں جبکہ مصباح الحق کی شدید خواہش ہے کہ وہ میچ جیت کر ویسٹ انڈیز کیخلاف اس کی سرزمین پر ٹسٹ سیریز جیتنے والا پہلا پاکستانی کپتان بھی بن جائیں جس کا وہ دورے سے قبل اظہار بھی کرچکے ہیں۔ نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کے دوران  فٹنس اورفیلڈنگ پرخاص توجہ دی گئی،دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے کہ فیصلہ کن ٹسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے جہاں احمدشہزاد کی جگہ شان مسعود کو بطور اوپنر شامل کیا جاسکتا ہے ۔ یہ ٹسٹ ایک اور لحاظ سے بھی خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ پاکستان کوآئی سی سی ٹیم درجہ بندی میں اپنی پانچواں مقام برقراررکھنے کیلئے لازمی فتح درکار ہے  ۔شکست یاسیریزبرابررہنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم کی ایک درجہ تنزلی ہو جائے گی لیکن اگرمہمان ٹیم میچ جیت لیتی ہے تونا صرف ٹسٹ سیریز2-1سے اپنے نام کر لے گی بلکہ آئی سی سی ٹیم درجہ بندی میں ا پنا پانچواں مقام بھی برقراررکھے گی ۔

TOPPOPULARRECENT