Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار، پی سی بی مایوس

ویسٹ انڈیز کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار، پی سی بی مایوس

کراچی ، 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے رواں سال کے اواخر پاکستان میں اپنی مکمل سیریز کے چند لمیٹیڈ اوورز میچز کھیلنے سے انکار پر مایوسی ہوئی ہے۔ ویسٹ انڈیز جس نے حال میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 منعقدہ ہندوستان کا ٹائٹل جیتا، انھوں نے اُس مکمل سیریز کے چند مقابلے پاکستان میں کھیلنے کیلئے پی سی بی کی درخواست ٹھکرا دی ہے، جو سپٹمبر؍ اکٹوبر میں یو اے ای میں کھیلی جانی ہے۔ پی سی بی کے اعلیٰ عہدہ دار نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ویسٹ انڈیز بورڈ نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے یو اے ای میں مکمل سیریز کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ اس لئے مایوس کن ہے کیونکہ ہم دیگر بورڈز کو بھی مطمئن کرنے کی بھرپور سعی کررہے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات وقت کے ساتھ بہتر ہورہے ہیں اور انھیں یو اے ای میں مقررہ ہماری ہوم سیریز کے چند مقابلے پاکستان میں کھیلتے ہوئے ہماری تائید و حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز بورڈ نے واقف کرایا ہے کہ اُن کے کھلاڑیوں کو ہنوز پاکستان میں کھیلنے کے بارے میں سکیورٹی اندیشے ہیں۔ پاکستان اِس سال سپٹمبر اور اکٹوبر میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی دو ٹسٹ، پانچ ونڈے انٹرنیشنلس اور دو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلس کیلئے کرے گا۔ مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد سے تمام سرکردہ ٹسٹ ٹیموں نے سکیورٹی اندیشوں کی بناء پاکستان کے ٹور سے احتراز کیا ہے۔ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز بورڈ کو مطمئن کرنے کیلئے زبانی طور پر درخواست کی تھی اور سابق ویسٹ انڈین گریٹس سر ویوین رچرڈز اور برائن لارا کی مدد بھی چاہی تھی۔ 2009ء سے پاکستان نے وطن میں صرف افغانستان، کینیا اور زمبابوے کی میزبانی کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT