Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں راست رسائی کا ہنوز موقع

ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں راست رسائی کا ہنوز موقع

دبئی ۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 1975ء  اور 1979ء  کی فاتح ویسٹ انڈیز کو ہوم سیریز میں 1992ء ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے خلاف تین ونڈے میچوں میں اگرچہ2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن دل چسپ حقیقت یہ ہے کہ دونوں ہی ٹیموں کے لئے ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں یہ ٹیمیں براہِ راست شرکت کی اہل ہیں بھی یا نہیں؟آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں 90نشانات کیساتھ پاکستان  آٹھواں اور ویسٹ انڈیز  83نشانات کیساتھ نویں مقام پر ہیں۔آئی سی سی کے مطابق 30ستمبر2017ء تک درجہ بندی میں شامل 8 بہترین ٹیمیں بارہویں ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل ہوں گی، جبکہ کوالیفائنگ ٹورنمنٹ کی 10ٹیموں میں سے ٹورنامنٹ کی باقی 4ٹیموں کا انتخاب ہوگا۔واضح رہے کہ 2004ء میں انگلینڈ میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس مرتبہ درجہ بندی میں تنزلی کے سبب یکم جون سے شروع ہونے والے 8 ٹیموں کے منی ورلڈ کپ میں شامل نہیں اور اب دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے کا چیلنج درپیش ہے۔بالکل اسی صورت حال سے پانچویں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم پاکستان بھی دو چار ہے، جو اس وقت تو آئی سی سی کی 8 بہترین ٹیموں کا حصہ ہے لیکن  اسے خطرہ ہے ویسٹ انڈیز سے جسے 30ستمبر کی آخری تاریخ سے پہلے آئی سی سی ونڈے درجہ بندی  میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر کی ٹیموں ہندوستان اور انگلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے، چند کامیابیاں اس کا مقام  بہتر بنا سکتی ہیں۔دوسری جانب اس سال جولائی میں پاکستان کو بنگلا دیش کے دورہ پر تین ونڈے میچوں کی سیریز میں لازمی فتح حاصل کرنی ہے، یاد رہے کہ 2015ء ورلڈ کپ کے بعد اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ٹیم بنگلا دیش سے تینوں ونڈے میچ ہار گئی تھی۔ موجودہ حالات اب دیکھنا ہے کہ ورلڈ کپ2019ء میں ِ راست کون کھیلتا ہے، پاکستان یا پھر ویسٹ انڈیز؟

TOPPOPULARRECENT