Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویسٹ انڈیز کیخلاف انگلش ٹیم میں مارک اورکرین پہلی مرتبہ شامل

ویسٹ انڈیز کیخلاف انگلش ٹیم میں مارک اورکرین پہلی مرتبہ شامل

لندن۔11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اینڈویلز کرکٹ بورڈ نے ایجبسٹن میں ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹسٹ کیلئے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ سرے کاؤنٹی کے اوپنر بیٹسمین مارک اسٹون مین اور ہمپشائر کے لیگ اسپنر میسن کرین کو پہلی مرتبہ ٹیم میں طلب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ ہفتے اپنی سرزمین پر گلابی گیند کے ساتھ اولین ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ٹسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف ابتدائی دو ٹسٹ کھیلنے والے لیام ڈاسن غیر متاثر کن کارکردگی کے باعث اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔ واروکشائر کے آل راؤنڈر کرس ووکس صحتیاب ہونے کے بعد کرکٹ میں واپس قدم رکھ سکتے ہیں۔ انہیں گزشتہ ہفتے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مڈل سیکس کیخلاف شاندار بولنگ کے بعد اسٹیون فن کی جگہ ٹیم میں منتخب کیاگیا۔الیسٹر کک کے ساتھ اوپننگ میں مشکلات سے دوچار کیٹن جیننگز کو نظرانداز کر تے ہوئے مارک اسٹون مین کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2012 ء میں اینڈریو اسٹراؤس کی سبکدوشی کے بعد الیسٹر کک کے مارک اسٹون مین بارہویں اوپننرساتھی ہوں گے کیونکہ کیٹن جیننگز جنوبی افریقہ کیخلاف چار ٹسٹ میں ناکام رہے اور انہوں نے گیارہ اننگز میں صرف ایک مرتبہ پچاس کا ہندسہ عبور کیا۔ جیو روٹ کی زیرقیادت ٹیم میں معین علی، اسٹوارٹ براڈ، جانی بیئراسٹو ،ٹوبی رولینڈ جونز، ڈیوڈ مالان، ٹام ویسٹلے اور بین اسٹوکس بھی شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر جیمز وٹیکر نے کہا کہ1998ء کے بعد اپنی سرزمین پر جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی بہترین تھی اور ویسٹ انڈیز کیخلاف فتوحات کے تسلسل کو قائم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT