Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویمنس کرکٹ ورلڈ کپ : آج ہند۔ انگلینڈ افتتاحی مقابلہ

ویمنس کرکٹ ورلڈ کپ : آج ہند۔ انگلینڈ افتتاحی مقابلہ

ڈربی (انگلینڈ) ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور تیاریوں کے باوجود انڈیا کو اپنا کام پوری چوکسی سے نبھانا ہوگا جب وہ آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کے کل یہاں افتتاحی مقابلے میں ٹائٹل کے دعوے دار انگلینڈ سے نبردآزما ہوں گے (میچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے IST کو ہوگا)۔ ہندوستان نے 50 اوور والے میگا ایونٹ کی متاثرکن تیاری کی، جیسا کہ جنوبی افریقہ کو حالیہ کواڈرینگولر سیریز کے فائنل میں آٹھ وکٹس سے شکست دی۔ اور حالیہ 17 او ڈی آئیز میں سے 16 جیتے ہیں۔ 2005ء کے رنرزاپ ورلڈ کپ 2017ء کیلئے راست کوالیفائی ہوجاتے بشرطیکہ وہ آئی سی سی ویمنس چمپین شپ میں پاکستان کے خلاف اپنے تین مقابلے کھیلے ہوتے اور چھ پوائنٹس سوخت نہ کرائے ہوتے۔ 19 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پانے پر ہندوستان کو سری لنکا میں کھیلے گئے کوالیفائرز سے گزرنا پڑا جہاں وہ ناقابل شکست رہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سنسنی خیز فائنل ایک وکٹ سے جیتا۔ انڈیا تجربہ کار میتھالی راج کی قیادت میں یہ ٹورنمنٹ کھیل رہا ہے، جو حال میں اپنی ٹیم کی 100 او ڈی آئی میچز میں قیادت کرنے والی تیسری کھلاڑی بنیں۔ برطانیہ کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے میتھالی کو بخوبی اندازہ ہے کہ اُن کی ٹیم کو پوری طرح چوکس رہنا پڑے گا۔ دو مرتبہ کے چمپینس انگلینڈ ہی ہندوستان کیلئے سب سے مشکل چیلنج رہے گا۔ انگلینڈ نے دونوں خطابات میزبانی کرتے ہوئے جیتے اور یہی بات انھیں اس مرتبہ بھی خطابی کامیابی کیلئے پسندیدہ ٹیم بنارہی ہے۔ تجربہ کار سارہ ٹیلر توسیعی وقفے کے بعد واپس ہوچکی ہیں جبکہ کیپٹن ہیتھر نائٹ اِن دنوں عمدہ کھیل رہی ہیں۔ کل دن کا دیگر میچ برسٹل میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنمنٹ کے دیگر شرکاء ممالک میں پاکستان شامل ہے، جس کی قیادت پھر ایک بار تجربہ کار ثناء میر کو سونپی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT