Sunday , July 23 2017
Home / Top Stories / وینکیا نائیڈو نائب صدرکیلئے بی جے پی امیدوار

وینکیا نائیڈو نائب صدرکیلئے بی جے پی امیدوار

وزیراعظم کی ٹیلی فون پر مختلف چیف منسٹروں اور سیاسی قائدین سے تائید کی اپیل
نئی دہلی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کہا ہے کہ آندھراپردیش سے تعلق رکنھے والے اپنے ایک سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے پارٹی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جو منگل کو 11 بجے دن پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ نائیڈو کو بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے آج یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں امیدوار منتخب کیا گیا۔ اس اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی کے دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔ 68 سالہ وینکیا نائیڈو فی الحال اطلاعات و نشریات اور امکنہ و شہری امور کے وزیر ہیں۔ وہ ماضی میں بی جے پی کے صدر بھی تھے جنہیں 18 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار گوپال کرشنا گاندھی کے خلاف مقابلہ کے لیے نازد کیا گیا ہے۔ موجودہ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کے جانشین کے انتخاب کے لیے 15 اگست کو پارلیمنٹ کے 790 ارکان رائے دہی میں حصہ لیں گے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کل آخری تاریخ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے وینکیا نائیڈو ایک انتہائی موزوں امیدوار ہیں۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے این ڈی اے کی جانب سے ایم وینکیا نائیڈو کے انتخاب کے فوری بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ٹاملناڈو، بہار، آندھراپردیش کے چیف منسٹروں کو اور سینئر قائدین بشمول شرت پوار کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ان سے وینکیا نائیڈو کی تائید کی اپیل کی۔ مودی نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار، چیف منسٹر ٹاملناڈو ای کے پلنی سوامی، آندھراپردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو، چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھررائو، این سی پی قائد شرط پوار اور جے ڈی یو قائد شردیادو سے تائید کی اپیل کی۔ کئی غیر این ڈی اے پارٹیوں نے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کی تائید کی ہے۔ ذرائع کے بموجب وزیراعظم کو امید ہے کہ وینکیا نائیڈو اپنے تجربہ کی وجہ سے کئی سیاسی پارٹیوں کے لیے قابل قبول ہوں گے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے نائب صدر کے لیے جس کا انتخاب 5 اگست کو مقرر ہے، گوپال کرشن گاندھی کو اپنا متفقہ امیدوار قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT