Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / وین رونی بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوش

وین رونی بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوش

لندن۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) شہرہ آفاق انگلش اسٹرائیکر اور سابق کپتان وین رونی نے کوچ کی جانب سے ٹیم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت کے باوجود بین الاقوامی فٹ بال سے فوری طور پر سبکدوشی کا اعلان کر دیا۔رونی کو انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے 119 میچز میں ملک کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 53 گولز کیے۔فروری 2003 میں انگلینڈ کیلئے اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والے رونی نے 14 سالہ شاندار کیریئر میں انگلینڈ کو متعدد فتوحات سے ہمکنار کروایا اور ان کی شاندار کارکردگی کے سبب وہ انہیں شاذونادر ہی کسی میچ سے باہر ہوئے۔حالیہ عرصے میں وہ زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائے اور ناقص فارم کے سبب سابق کپتان کو جون میں اسکاٹ لینڈ اور فرانس کے خلاف میچوں کیلئے نظر انداز کردیا گیا جس پر انہوں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔انگلش ٹیم کے مینجر گیرتھ نے انہیں آئندہ ماہ مالٹا اور سلواکیہ کے خلاف میچز کیلئے پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے سبکدوشی کا اعلان کر کے ٹیم میں واپسی کے امکانات ختم کر دیے۔اپنے ایک بیان میں 31 سالہ فٹبالر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی پر فخر ہے، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ انگلش منیجر نے مجھے دوبارہ ملک کی نمائندگی کے قابل سمجھا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اب نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دینے کا وقت آ گیا ہے۔اسٹار فٹبالر نے کہا کہ یہ میرے لئے بہت مشکل اور تکلیف دہ فیصلہ ہے تاہم میں نے ٹیم کے وسیع تر مفاد میں انتہائی قدم اٹھایا ہے، میری نیک تمنائیں ٹیم کے ساتھ رہیں گی۔

TOPPOPULARRECENT