Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / ویوین رچرڈز کو پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنانے کی کوشش

ویوین رچرڈز کو پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنانے کی کوشش

دبئی ۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے والے ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بیٹسمین ویوین رچرڈز کی کارکردگی سے متاثر ہو کر نیشنل  ٹیم کیلئے ان کی خدمات حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ٹورنمنٹ سے قبل ایک معمولی ٹیم تصور کی جانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی میچ میں اسلام آباد کو زیر کر کے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کئے اور پھر لیگ راؤنڈ کے آٹھ میں سے چھ میچز جیت کر ٹورنمنٹ کی بہترین ٹیم کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئی۔ جہاں ایک طرف گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا وہیں ان کی اس کارکردگی کے پیچھے رچرڈز کا کردار بھی صاف نظر آیا۔ ویوین رچرڈز کی ٹیم کی اس متاثر کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے سابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار  نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ہم سر ویوین رچرڈز سے ورلڈ کپ میں  ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا کردار ادا کرنے کے سلسلے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل ویوین رچرڈز نے ایک انٹرویو میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس پیشکش کو مسترد نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  کہ وقار یونس اس وقت پاکستانی ٹیم کے ساتھ بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن اگر مجھے پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا تو میں اس سے فائدہ اٹھاؤں گا۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران ویوین رچرڈز نے 121 ٹسٹ میچوں میں 24 سنچریوں اور 45 نصف سنچریوں کی مدد سے 50 سے زائد کی اوسط سے 8540  رنز بنائے تھے۔ اپنے دور میں بھی وہ ونڈے کرکٹ میں دنیا کے دیگر بیٹسمینوں مں سب سے ممتاز تھے جہاں انہوں نے 187 میچوں میں 90.20 کے اسٹرائیک ریٹ اور 47 کی اوسط سے چھ  6721 رنز بنائے تھے، سیدھے ہاتھ کے کھلاڑی 11 سنچریاں اور 45 نصف سنچریاں اسکور کیں اور انہیں کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT