Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ویٹنگ لسٹ سے منتخب عازمین حج کی ممبئی روانگی

ویٹنگ لسٹ سے منتخب عازمین حج کی ممبئی روانگی

خصوصی بسوں میں طبی اور سیکوریٹی انتظامات ، سید عمر جلیل اور ایس اے شکور نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد25 اگست ( سیاست نیوز )ویٹنگ لسٹ سے منتخب تلنگانہ 47 عازمین کا حج میں سے 39 عازمین حج پر مشتمل ایک قافلہ آج سہ پہر حج ہاؤز نامپلی سے ممبئی کے لئے روانہ ہوا ‘ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تلبیہ کی گونج میں ان عازمین کو وداع کیا۔ حج کمیٹی کے ملازمین اور عہدیداران اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ان عازمین کے لئے آر ٹی سی کی دو خصوصی والوو بسوں کا انتظام کیا گیا ۔ یہ عازمین کل صبح حج ہاؤز ممبئی پہونچنے کے بعد ممبئی ایر پورٹ روانہ ہوں گے اور وہاں سے حالت احرام میں 3 بجے دن جدہ کے لئے پرواز کریں گے۔ ان میں سے چار عازمین نے اپنا عزم حج منسوخ کردیا اور چار عازمین اپنے طور پر ممبئی روانہ ہوئے۔ 39 عازمین کی ممبئی روانگی کے لئے ریاستی حج کمیٹی نے خصوصی انتظام کیا ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین کے ویزا انڈارسمنٹ تک حیدرآباد سے تمام حج فلائٹس ختم ہوچکی تھیں اور حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ کا اختتام ہوچکا تھا اس لئے ان کی حیدرآباد سے روانگی ممکن نہیں ہوسکی۔ ہر بس میں ایک ڈاکٹر‘ ایک نرس‘ حج کمیٹی کا ایک ملازم ‘ ایک سکیوریٹی گارڈ اور دو والنٹیئرز عازمین کے ہمراہ فراہم کئے گئے ہیں ۔ ویٹنگ لسٹ کے 41 عازمین کی روانگی کے ساتھ تلنگانہ کے عازمین کی تعداد 3488ہوگئی جو اس سال فریضہ حج اور زیارت روضہ اطہر ﷺ کی سعادت حاصل کریں گے۔ آج جو عازمین ممبئی روانہ ہوئے ان کی ممبئی حج ہاؤز میں حج کمیٹی کے ایک ملازم کے ذریعہ پہلے ہی رپورٹنگ کروادی گئی تھی‘ جس کے باعث ان کو کافی سہولت حاصل ہوئی۔ آج عازمین نے جمعہ کی نماز حج ہاؤز میں ادا کی اور ظہرانہ کے بعد وہ بسوں میں سوار ہو گئے ۔ عازمین کو وداع کرنے کے لئے ان کے عزیز و اقارب کی کثیر تعداد حج ہاؤز میں جمع تھی جنہو ںنے بادیدہ نم ان کو وداع کیا۔ اس دوران پروفیسر ایس اے شکور نے بتایاکہ مکہ مکرمہ میں تمام عازمین خیریت و عافیت سے ہیں اور وہاں عبادات میں مصروف ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی حج مشن کے علاوہ تمام خادم الحجاج سے ربط میں ہیں اور انہو ںنے خادم الحجاج کو عازمین کی خدمت و مدد کے لئے ہر وقت چوکس اور مستعد رہنے کی ہدایت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT