Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / وی نارائن سامی پوڈوچیری کے چیف منسٹر

وی نارائن سامی پوڈوچیری کے چیف منسٹر

لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے پانچ وزراء کے ہمراہ حلف دلایا
پوڈوچیری ۔ 6 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وی نارائن سامی نے آج پوڈوچیری کے دسویں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا۔ لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے انھیں اور پانچ وزراء کو عہدہ اور رازادی کا حلف دلایا۔ قبل ازیں چیف سکریٹری منوج پریڈا نے نارائن سامی کو چیف منسٹر پوڈوچیری بنائے جانے کے بارے میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا جاری کردہ تقرر نامہ پڑھ کر سنایا ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مکل واسنک ، اے آئی سی سی سکریٹری چنا ریڈی، ڈی ایم کے لیڈر کے اسٹالن اور ٹمل ناڈو کانگریس کمیٹی صدر ایلن گوون کے علاوہ دیگر تقریب میں موجود تھے ۔ نارائن سامی کو 28 مئی کو 15 رکنی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیاتھا ۔ پارٹی کو 30 رکنی اسمبلی میں ڈی ایم کے کے 2 ارکان کی تائید بھی حاصل ہے ۔ کانگریس لیڈر نے 30 مئی کو راج نواس میں کرن بیدی سے ملاقات کی اور تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کیا ۔ اس کے علاوہ انھوں نے ڈی ایم کے کی تائید سے متعلق مکتوب بھی گورنر کے حوالے کیا۔ 69 سالہ نارائن سامی جنھوں نے یو پی اے II میں وزیراعظم کے دفتر میں مملکتی وزیر تھے ۔ وہ یو پی اے I میں مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور رہ چکے ہیں۔ انھوں نے 16 مئی کو اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا اور اب وہ ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT