Saturday , September 23 2017
Home / سیاسیات / وی وی آئی پیز فہرست سے وڈرا کا نام خارج، حکومت کا فیصلہ

وی وی آئی پیز فہرست سے وڈرا کا نام خارج، حکومت کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کو اب ایرپورٹس میں سیکوریٹی چیک (تلاشی) کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس مسئلہ پر وڈرا کی جانب سے سوشیل میڈیا پر کئے گئے مختلف تبصروں کے بعد حکومت نے انہیں حاصل سیکوریٹی مراعات کو واپس لے لیا۔ 46 سالہ بزنس مین رابرٹ ورڈا جو پرینکا گاندھی کے شوہر ہیں، انہیں ایس پی جی سیکوریٹی حاصل تھی، جس کے نتیجہ میں وہ ایرپورٹ پر عام مسافروں جیسے سلوک اور سیکوریٹی چیک سے مستثنیٰ تھے اور ان کے ساتھ ایس پی جی کا ایک گارڈ بھی تعینات رہا کرتا تھا۔ مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مہیش شرما نے کہا ہیکہ ’’ماضی کی حکومت نے وڈرا کو یہ سہولت صرف اس صورت میں دی تھی جب وہ ایس پی جی گارڈ کے ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ اب چونکہ وہ خود بھی اپنا ناماس فہرست سے ہٹانے کی خواہش کرچکے تھے اس لئے ان کا خصوصی استثنائی موقف برخاست کردیا گیا ہے‘‘۔ مہیش شرما نے مزید کہا کہ ’’قومی ایرپورٹس پر تلاشی سے مستثنیٰ مسافرین کی فہرست پر نظرثانی کی گئی ہے اور اس میں وڈرا کا نام شامل نہیں ہے‘‘۔ وزارت شہری ہوا بازی کے ان احکام کی اجرائی کے بعد وڈرا نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’بہت خوب ۔ انہوں نے جو کچھ کیا ہے اس پر مجھے خوشی ہوئی ہے‘‘۔ وڈرا نے بعدازاں فیس بک پر تبصرہ کیا کہ ’’میں اس بات کی ستائش کروں گا کہ اب میرا نام انتہائی اہم ترین شخصیات (وی وی آئی پیز) کی فہرست میں شامل نہیں رہے گا۔ میں توقع کرتا ہوں کہ اب یہ مسئلہ ختم ہوچکا ہے اور میرے خلاف اس کو مزید استعمال نہیں کیا جائے گا۔ میری نیک تمنائیں ہیں‘‘۔ وڈرا نے دو دن قبل فیس بک پر لکھا تھا کہ وہ تلاشی سے مستثنیٰ وی وی آئی پیز کی فہرست سے اپنا نام ہٹائے جانے کے خواہشمند ہیں۔

TOPPOPULARRECENT