Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / و19 واں انٹرنیشنل چلڈرنس فلم فیسٹیول

و19 واں انٹرنیشنل چلڈرنس فلم فیسٹیول

بچے ملک کا روشن مستقبل اور قوم کا اثاثہ
بچوں کی کمرشیل فلمیں بنانے مکیش کھنہ کا فلمسازوں کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( ایم اے سلام ) : نامور فلم و ٹی وی اداکار صدر نشین چلڈرنس فلم سوسائٹی آف انڈیا ممبئی مسٹر مکیش کھنہ نے فلمسازوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی تفریح کے لیے اصلاحی کمرشیل فلمیں بنانے کے لیے آگے آئیں کیوں کہ بچے ملک کا روشن مستقبل اور قوم کا اثاثہ ہیں ۔ وہ آج یہاں پرساد آئی میکس میں 14 سے 20 نومبر تک شہر میں منعقد ہونے والے 19 ویں گولڈن ایلیفنٹ انٹرنیشنل چلڈرنس فلم فیسٹیول 2015 کے لیے قائم کئے گئے میڈیا سنٹر کے افتتاح کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے مقبول ٹی وی سیرئیل شکتی مان سے انڈین سوپر ہیرو کے طور پر بچوں کے دلوں میں جگہ بنانے والے مکیش کھنہ نے کہا کہ سی ایف ایس آئی نے بچوں کے لیے 250 فلمیں بنائی ہیں اور وہ مستقبل میں اس بات کی کوشش کریں گے کہ مزید فلمیں بنیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کے ہر شہر میں آگرہ ، جئے پور اور مدھیہ پردیش کی طرح شکتی مان ایکٹنگ انسٹی ٹیوٹس کے قیام کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی بار یہاں انٹرنیشنل چلڈرنس فلم فیسٹیول کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جس کے لیے انہوں نے والدین سے خواہش کی کہ وہ بچوں کو اس فیسٹیول میں لائیں ابتداء میں ڈائرکٹر چلڈرنس فلم سوسائٹی آف انڈیا ڈاکٹر شراون کمار نے کہا کہ اس فیسٹیول میں 80 ممالک کی 1204 کی انٹریز وصول ہوئی ہیں جن میں سے 300 فلموں کی اسکریننگ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے ’ لٹل ڈائرکٹرس ‘ کے طور پر شروع کیا گیا پروگرام کامیاب ثابت ہوا اور بچوں کی جانب سے ڈائرکٹ کی گئی 187 فلمیں اس فیسٹیول میں آئی ہیں اس کے علاوہ اس بار بچوں کے لیے فلمسازی کے نئے نئے تجربات سے واقف کروایا جائے گا ۔ فلموں کی نمائش کے لیے شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی سنیما گھر حاصل کئے گئے ہیں اس فیسٹیول میں 70 فیصد سرکاری مدارس اور 30 فیصد خانگی مدارس کے طلبہ کو فلمیں دیکھنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے شہر میں منعقد ہونے والے اس سات روزہ چلڈرنس فلم فیسٹیول کے لیے عوام اور بچوں کے جوش و خروش پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا چلڈرنس فلم سوسائٹی آف انڈیا ممبئی ریاستی حکومت اور وزارت اطلاعات و نشریات و تعلقات عامہ حکومت ہند کی جانب سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس پریس کانفرنس کو اسپیشل آفیسر فیسٹیول مسٹر کرشنما راجو اور دیپک کمار اور کمشنر آئی اینڈ پی آر مسٹر نوین متل آئی اے ایس نے بھی مخاطب کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT