Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹالی ووڈ کی مشہور ہیروئن چارمی اور ایٹم گرل میمت خان پوچھ تاچھ کیلئے طلبی

ٹالی ووڈ کی مشہور ہیروئن چارمی اور ایٹم گرل میمت خان پوچھ تاچھ کیلئے طلبی

بالترتیب 26 اور 27 جولائی کو ایس آئی ٹی سے رجوع ہونے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 22جولائی (سیاست نیوز) ٹالی ووڈ کی مشہور ہیروئن چارمی 26 اور ایٹم گرل میمت خان 27 جولائی کو منشیات کی تحقیقات کرنے والی (ایس آئی ٹی) سے رجوع ہوں گی۔ اکسائز انفورسمنٹ ڈائرکٹر اکون سبھروال نے ڈرگس کے معاملے میں تلگو فلم انڈسٹری کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔ تہلکہ مچانے والے منشیات کیس میں محکمہ اکسائز کی اسپیشل ٹیم (ایس آئی ٹی) روزانہ ایک فلمی ستارے سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے منشیات پھیلانے اور استعمال کرنے والوں کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے میں مصروف ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 26 جولائی کو تلگو فلموں کی مشہور ہیروئن چارمی ایس آئی ٹی سے رجوع ہوں گی۔ اس سلسلہ میں سٹ کی جانب سے چارمی کو نوٹس دے دی گئی ہے۔ ایٹم گرل میمت خان بھی منشیات لینے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔ تاہم پہلے انہیں ایس آئی ٹی کی جانب سے نوٹس نہیں دی گئی تھی کیونکہ وہ مقامی تلگو ریالٹی شو ’’بگ باس‘‘ کے گھر پہنچ چکی تھی۔ منشیات معاملے کی تحقیقات کرنے والے عہدیداروں نے بگ باس انتظامیہ سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ہے اور انہوں نے میمت خان سے پوچھ تاچھ کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میمت خان 27 جولائی کو پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی ٹی سے رجوع ہوں گی۔ اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال نے منشیات کے کیس میں تلگو فلم انڈسٹری کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سپلائی کرنے والے افراد کو گرفتار کرنے کے بعد انہوں نے جو نام بتائے ہیں اس کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور پختہ ثبوت اکٹھا کرنے کے بعد ہی فلمی شخصیتوں کو نوٹس دی گئی اور پوچھ تاچھ کی مکمل ویڈیو گرافی کی جارہی ہے۔ ابھی تک جن فلمی ہستیوں سے بات چیت کی گئی ہیں، ان سے کئی معلومات حاصل ہوئی ہیں اور تحقیقات صحیح سمت میں جارہی ہے۔ عہدیدار سپریم کورٹ کے احکامات اور قانونی اختیارات کے حدود میں رہ کر اپنا کام کررہے ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران مزید کچھ فلمی ستاروں کے نام بھی منظرعام پر آسکتے ہیں۔ منشیات کے معاملے میں طلبہ کے نام سامنے آنے کے بعد تعلیمی اداروں، سافٹ ویر کمپنیوں کے انتظامیہ کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے ان کے نمائندوں کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے31 کے منجملہ 17 ’’پب‘‘ انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ فلم ڈائرکٹر پوری جگناتھ کے خون کے نمونوں کو فارنسک لیاب کو روانہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT