Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / ٹاملناڈو میں فوج اور ایر فورس کی خدمات، محصور مکینوں کی منتقلی

ٹاملناڈو میں فوج اور ایر فورس کی خدمات، محصور مکینوں کی منتقلی

چینائی۔/17نومبر، ( سیاست ڈاٹ کا م ) ضلع کانچی پورم میں ہزارہا افراد کو محصور پانی سے باہر نکالنے کیلئے فوج اور ایر فورس کو طلب کرلیا گیا ہے جہاں پر موسلادھار بارش کے باعث عوام اپنے مکانات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سب اربن تمبارام علاقہ میں سیلاب کا پانی اُترنا شروع ہوگیا ہے تاہم آج شہر میں بارش تھم گئی ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی درخواست پر مدراس 4رجمنٹ انڈین آرمی کے عملہ نے ضلع کانچی پورم کے مودی چیرو میں اپنی خدمات شروع کردی ہیں جبکہ انڈین ایر فورس بھی محصور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مودی چیرو میں تالابوں اور جھیلوں کا فاضل پانی علاقہ تمبارام میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث ٹاؤن کا ایک بڑا حصہ پانی میں محصور ہوگیا ہے۔ امداد اور بچاؤ کاموں کیلئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ فوج اور ایر فورس کا عملہ تعاون کررہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ انڈین ایر فورس کے ہیلی کاپٹروں نے ایر فورس اسٹیشن تمبارام سے کاروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے کل رات 22افراد کو منتقل کیا ہے جبکہ غذا اور پانی کے پیاکٹس بھی گرائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں دریائے اڈبار میں طغیانی آجانے سے چمبا رام بکم کی جھیل کی سطح آب میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے پیش نظر قرب و جوار کے مکینوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ٹاملناڈو میں گزشتہ 10یوم سے موسلادھار بارش سے متعلق واقعات برقی شاک اور غرقابی سے اب تک 71افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاست بھر میں طوفانی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے متاثرین کی امداد کیلئے چیف منسٹر جیہ للیتا نے کل 500کروڑ کی اجرائی کا اعلان کیا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT