Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / ٹاملناڈو میں مزید بارش کی پیش قیاسی

ٹاملناڈو میں مزید بارش کی پیش قیاسی

حکام نے تازہ وارننگ جاری کی ہے ،ٹرین سرویس اور پروازیں بحال
چینائی ۔ /6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ٹاملناڈو کے ضلع کوڈلور میں آج پھر ایک بار زبردست تباہی آئی جہاں پر موسلادھار بارش کا آغاز ہوا ۔ یہ ضلع شدید طوفان و سیلاب سے متاثرہ ہے ۔ حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو خبردار کیا ہے اور کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ چینائی میں راحت کا کام جاری ہے جبکہ ڈومیسٹک فلائیٹس کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو روکنے کیلئے حکام تیزی سے صفائی کا کام انجام دے رہے ہیں ۔ کچرے کی صفائی کیلئے فوج کی خدمات حاصل کی گیئں ہیں ۔ چینائی میں بارش کی وجہ سے تقریباً 400 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے ہیں ۔ ٹاملناڈ کا دارالحکومت بارش کی وجہ سے عملاً زیرآب آچکا ہے ۔ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ راحت کاری کے کام انجام دینے کے علاوہ مزید 200 اسپیشل میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چینائی میں ایک اور طوفانی بارش کا خطرہ ہے۔ شہریوں کو اندیشہ ہے کہ اگر بارش شروع ہوئی تو کئی ندیاں ابل پڑیں گی اور تباہی مچے گی ۔ بارش کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ۔ پانی کا ایک باٹل 50 تا  100 روپئے میں دستیاب ہے ۔ ٹرین سرویس بحال کردی گئی ہے ۔ شہر کا اصل ریلوے اسٹیشن چینائی سنٹر میں گزشتہ ایک ہفتہ سے کوئی کام کاج نہیں ہوا ۔ /2 ڈسمبر سے یہاں 571 ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا تھا ۔ بینکس بھی کھول دیئے گئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT