Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹرائی سیریز : جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا نے ہرایا

ٹرائی سیریز : جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا نے ہرایا

بسٹرے (سینٹ کٹس) ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی سنچری اور بولروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو 36 رنز سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز کے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے وارنر نے شاندار سنچری کی بدولت درست ثابت کر دکھایا۔ جارح اوپنر نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ تین نمبر پر عثمان خواجہ نے 59 جبکہ کپتان اسٹیون اسمتھ نے 52 رنز بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو مقررہ پچاس اوورز میں 288/6 کے معقول اسکور تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ کیلئے عمران طاہر دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ ادھر جنوبی افریقہ نے ٹارگٹ کا تعاقب شروع کیا تو کوئنٹن ڈی کاک 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد ہاشم آملہ اور فاف ڈوپلیسی نے 105 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کے امکانات روشن کر دیئے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ 25 اوورز میں 137/1 تک پہنچ چکا تھا اور مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو دیکھتے ہوئے اس میچ میں پروٹیز کے جیت کے امکانات روشن نظر آ رہے تھے۔ تاہم 60 رنز بنانے والے ہاشم کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا نقشہ بتدریج بدلتا گیا۔ ڈوپلیسی نے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے ساتھ مل کر اسکور کو 177 تک پہنچایا لیکن ٹیم کی ناؤ پار لگانے کے بجائے وہ بھی 63 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ دے کر چلتے بنے۔ جے پی ڈومینی اور ڈی ویلیئرز کی شراکت میں مزید 33 رنز بنے لیکن حالیہ انڈین پریمیر لیگ کے بعد سے آؤٹ آف فام کپتان 39 رنز پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ اس کے بعد آسٹریلین بولرز کو ٹیل اینڈرز کا صفایا کرنے میں زیادہ وقت نہ لگا اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک، آڈم زامپا اور جوش ہیزل ووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کئے۔ جاریہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے گزشتہ میچ میں پروٹیز کامیاب ہوئے تھے۔ آسٹریلیا نے ہفتہ کی فتح کی بدولت سیریز میں دوسری جیت حاصل کی اور اس طرح وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ وارنر کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا اگلا میچ 13 جون کو ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT