Thursday , August 17 2017
Home / دنیا / ٹرمپ اپنے تبصروں پر قابو رکھیں: سی آئی اے

ٹرمپ اپنے تبصروں پر قابو رکھیں: سی آئی اے

واشنگٹن، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن نے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو خبردار کیا کہ انہیں اپنے تبصروں پر قابو رکھنا ہوگا اور روس کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کے تئیں چوکس رہنا ہوگا۔ مسٹر جان برینن نے ’فوکس نیوز سنڈے ‘ سے انٹرویو میں کہاکہ ٹرمپ نے جس طرح دنیا کو پیغام دیا ہے اس سے لگتا ہے کہ انہیں اپنے ملک کی خفیہ ایجنسی پر بھروسہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ‘خفیہ ایجنسی کا موازنہ نازی جرمنی سے کرنا توہین کرنے جیسا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ خفیہ ایجنسی کے لئے یہ بڑی توہین ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹویٹر پر پیغام کے توسط سے غیرممالک کے ساتھ تعلقات کا اعلان نہیں کرسکتے ۔ مسٹر برینن کی ملازمت کی میعاد جلد ختم ہو رہی ہے ۔ مسٹر برینن نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ جب بات کرتے ہیں یا ٹوئٹر پر کوئی پیغام دیتے ہیں تو انھیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اس سے ملکی مفادات متاثر نہ ہوں۔ یہ معاملہ اب صرف ڈونالڈ ٹرمپ کا نہیں بلکہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جب ٹرمپ صدر کے عہدے کا حلف لے لیں گے تو پھر ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا مفاد اولین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بے ساختگی سے قومی مفادات کا تحفظ نہیں ہو سکتا۔ یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ تواتر کے ساتھ قومی اہمیت کے حامل معاملات پر ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے اعلانات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جان برینن کا یہ بیان امریکی انٹیلی جنس کی اس رپورٹ کے ایک ہفتے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ روس نے امریکہ کے صدارتی انتخاب پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔ ٹرمپ بارہا انٹیلی جنس کی رپورٹ پر اپنے تحفظات کا اظہارکر چکے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ڈیموکریٹ پارٹی کے کمپیوٹر ہیک ہونے کی وجہ ان کی اپنی نااہلی کا نتیجہ ہے کیونکہ ڈیموکریٹ پارٹی نے ہیکنگ سے بچنے کے مناسب تدابیر اختیار نہیں کی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT