Monday , August 21 2017
Home / دنیا / ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار

ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار

واشنگٹن۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پیانگ یانگ کے نیوکلیئر پروگرام پر بات چیت کیلئے شمالی کوریا کے رہنما سے ملنے کے لیے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن سے بات کروں گا کیونکہ مجھے ان سے بات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ایسی ملاقات سیاسی طور پر تنہا ملک شمالی کوریا سے متعلق امریکی پالیسی میں اہم تبدیلی لائے گی۔دوسری جانب ہلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھونڈا پن قرار دیا ہے۔ ہلری کلنٹن کے ایک دوسرے ساتھی نے بھی ٹرمپ کے بیان پر کہا ہے کہ ان کی خارجہ پالیسی کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے شمالی کوریا کے بارے میں تبصرے منگل کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں سامنے آئے جس میں انھوں نے مشرقی یوکرین میں روسی صدر ولادی میر پوتن کی فوجی کارروائیوں کے بارے میں بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے پوتن کے بارے میں کہا تھا کہ وہ روسی صدر کی عزت کرتے ہیں۔اس انٹرویو کے دوران ٹرمپ کا شمالی کوریا کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ کم جونگ اْن کے ساتھ آمنے سامنے مذاکرات کریں گے۔اپنے انٹرویو میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ چین پر بھی دباؤ ڈالیں گے۔

TOPPOPULARRECENT