Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / ٹرمپ کو پولنگ مراکز پر دھاندلی کا خدشہ

ٹرمپ کو پولنگ مراکز پر دھاندلی کا خدشہ

واشنگٹن، 17 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)امرکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے اس الیکشن کی شفافیت پر یہ کہتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ الیکشن کے دوران پولنگ مراکز پر دھاندلی ہو سکتی ہے ۔ مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ میڈیا بھی ان کی حریف اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلاری کلنٹن کی برتری کے لئے بے ایمانی کررہا ہے ۔انہوں نے الیکشن کی جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کل ٹویٹ کیا ’’بے ایمان اور زر خرید میڈیا الیکشن میں ہلیری کو سبقت دلانے کے لئے دھاندلی کررہا ہے ۔یہی نہیں ،کئی پولنگ اسٹیشنوں پر بھی دھاندلی ہونے کا خدشہ ہے جو افسوسناک ہے ۔‘‘ انہوں نے اپنے حامیوں سے پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھنے کی اپیل کی تاکہ دھاندلی روکی جاسکے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’الیکشن سے محترمہ کلنٹن کو فائدہ پہنچانے کے لئے میڈیا ان کی انتخابی مہم کے ساتھ تال میل بناکر ایسی خبریں پیش کررہا ہے جو پہلے کبھی خبر نہیں تھیں۔‘‘ مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ کا یہ ٹویٹ نائب صدر کے عہدے کے ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار مائک پنیس کے اس بیان کے بعد آیا جس میں انہوں نے کہا کہ 8 نومبر کو ہونے والے انتخابات کا جو بھی نتیجہ ہوگا ریپبلیکن پارٹی اسے قبول کرے گی۔ عوامی سروے میں محترمہ ہلاری کلنٹن سے پیچھے چل رہے مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے کے باوجود اس سے وابستہ کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT