Thursday , July 27 2017
Home / Top Stories / ٹرمپ کی کامیابی سے ساری دنیا میں غیر یقینی کا سایہ

ٹرمپ کی کامیابی سے ساری دنیا میں غیر یقینی کا سایہ

ہندوستانیوں کے مفادات پر ضرب کاری کا اندیشہ۔ سی پی ایم لیڈر یچوری کا تاثر

ٹرینویلویلی (ٹاملناڈو) 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی حیرت انگیز کامیابی سے عالمی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہوجائے گی۔ انھوں نے یہاں سی پی ایم ٹاملناڈو ریاستی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ امریکی صدر کی حیثیت سے ٹرمپ کی کامیابی حیرت انگیز ہے کیوں کہ کسی کو بھی یہ توقع نہیں تھی کہ وہ ہیلاری کلنٹن کو شکست دیں گے۔ ان کے انتخاب سے اقطاع عالم میں کشیدگی اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ مسٹر سیتارام یچوری نے یہ ادعا کیاکہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے ہندوستان میں بی پی او کا شعبہ انحطاط پذیر ہوگا اور امریکہ میں ہندوستانی طلباء کے داخلوں پر تحدیدات عائد کی جاسکتی ہیں۔ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہاکہ زعفرانی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک کی صنعتی ترقی جمود کا شکار ہوگئی ہے۔ بیروزگاری اور زرعی بحران کا تذکرہ کرتے ہوئے سی پی ایم لیڈر نے کہاکہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے

اور ہر سال 1.30 کروڑ نوجوان بے روزگاروں کی فوج میں شامل ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 500 روپئے اور 1000 روپئے کے نوٹوں کی تنسیخ کے فیصلہ پر انھوں نے کہاکہ اس اقدام کے باعث سب سے زیادہ عام آدمی پریشان ہے۔ اس کے برخلاف پرانے نوٹوں کی تنسیخ اور نئے نوٹوں کی اجرائی سے مزید کرپشن کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ کرنسی نوٹ کی منسوخ کے ذریعہ کالا دھن پر قابو پایا جائے گا۔ لیکن ان کی یہ حکمت عملی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی اور یہ الزام عائد کیا کہ بیرونی بینکوں میں پوشیدہ ہندوستانیوں کی بلیک منی واپس لانے کے لئے مرکز نے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے لئے مرکز کی کوششوں پر سیتارام یچوری نے کہاکہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں سیاسی مفادات حاصل کرنے یہ مسئلہ چھیڑا گیا ہے۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ صرف سی پی ایم ہی تنگ نظر دائیں بازو کی طاقتوں کا واحد سیاسی متبادل ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ان کی پارٹی عام آدمی کے جذبات کا استحصال ہونے نہیں دے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT