Thursday , July 27 2017
Home / Top Stories / ٹرمپ کی یروشلم میں دیوار گریہ پر حاضری

ٹرمپ کی یروشلم میں دیوار گریہ پر حاضری

یروشلم ۔22 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرامریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرقی یروشلم کے قدیم شہر میں آج دیوار گریہ پر حاضری دی ۔ وہ یہاں کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔ انھوں نے آج نجی طورپر دیوار گریہ کا دورہ کیا اور اُن کے ہمراہ کوئی بھی اسرائیلی قائدین موجود نہیں تھے ۔ وہ اہلیہ ملینا ، دختر ایونکا اور یہودی داماد جیرڈ کرشنر کے ہمراہ یہاں پہنچے ۔ یہودی رسم و رواج کے مطابق ٹرمپ اور کرشنر نے مردوں کی عبادت گاہ کے احاطہ میں دعا کی جبکہ ملینا اور ایونکا خواتین کیلئے مختص احاطہ میں پہونچے ۔ ویسٹرن وال ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر جنرل موڈیشائی ایلاؤ نے اُنھیں اس مقام کی اہمیت کے بارے میں واقف کروایا ۔ ٹرمپ نے دیوار کے روبرو کچھ دیر توقف کیا اور یہاں کی روایات کے مطابق ایک تحریری نوٹ چھوڑا ۔ مغربی دیوار وہ مقدس مقام ہے جہاں یہودی عبادت کرتے ہیں ۔ یہ مسجد اقصیٰ احاطہ کے نیچے واقع ہے جسے اسلام میں تیسری مقدس ترین مسجد کا مقام حاصل ہے ۔ اس دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم اسرائیل بنجمن نتن یاہو سے ملاقات کی اور اسرائیلی انٹلیجنس اطلاعات روس کو فراہم کرنے کے سلسلے میں جاری تنقیدوں کے خلاف اپنا دفاع کیا۔ اس بارے میں میڈیا کے نمائندے نے جب سوال کیا تو ٹرمپ نے کہا کہ : ’’میں نے کبھی اسرائیل کا نام یا اس لفظ کا بھی استعمال نہیں کیا ‘‘۔ اس پر نتن یاہو نے کہاکہ انٹلیجنس تعاون انتہائی پریشان کن ہوتا ہے اور یہ کبھی بھی بہتر نہیں ہوا کرتا ۔ واشنگٹن پوسٹ نے گزشتہ ہفتے یہ انکشاف کیا تھا کہ ٹرمپ نے اسلامک اسٹیٹ کے بارے میں انتہائی خفیہ معلومات کا وزیر خارجہ روس اور امریکہ میں روسی سفیر سرجائی کسلیاک کے روبرو انکشاف کیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT