Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / ٹرمپ کے انتخاب سے کینیڈا ۔ کیوبا تعلقات متاثر نہیں ہوں گے : وزیراعظم کینیڈا

ٹرمپ کے انتخاب سے کینیڈا ۔ کیوبا تعلقات متاثر نہیں ہوں گے : وزیراعظم کینیڈا

ہوانا ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹریڈو نے ہوانا میں اپنے میزبانوں کو یہ طمانیت دی ہیکہ امریکہ کے صدر کی حیثیت سے ڈونالڈ ٹرمپ کے انتخاب سے ان کے اور کیریبن جزیری ملک کے درمیان تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کینیڈا ہمیشہ سے ہی کیوبا کا دوست ملک رہا ہے اور کبھی بھی ایسا کوئی وقت نہیں آیا  جب دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے ہوں جبکہ کینیڈا نے امریکہ کی دوستی کا بھی دم بھرا ہے۔ جسٹن ٹریڈو نے کہا کہ ان کی نظر میں امریکہ میں صدارتی انتخابات کے نتائج کوئی معنی نہیں رکھتے۔ کیوبا کے طلباء کے ساتھ ایک مباحثہ میں شریک جسٹن ٹریڈو نے کہا کہ ہم اپنا انتخاب خود کرتے ہیں۔ یاد رہیکہ امریکی صدر بارک اوباما نے کیوبا اور امریکہ کے تعلقات کو درست کرنے میں اہم رول ادا کیا جبکہ 2014ء میں امریکہ اور کیوبا کے درمیان خفیہ مذاکرات کا انعقاد بھی کینیڈا نے ہی کروایا تھا جبکہ جولائی 2015ء میں کیوبا اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے جو 1961ء کی سردجنگ سے لیت و لعل میں پڑے ہوئے تھے۔ تاہم اب ری پبلکن کھرپ پتی نومنتخبہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد حالات کیا رخ اختیار کریں گے اس کے بارے میں فی الحال کوئی پیش قیاسی نہیں کی جاسکتی۔

ٹرمپ اور پنس کی 30 عالمی قائدین سے فون پر بات چیت
واشنگٹن ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نومنتخبہ صدر و نائب صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور مائیک پنس نے دنیا کے تقریباً 30 اہم قائدین سے فون پر بات چیت کی ہے جن میں وزیراعظم ہند نریندر مودی بھی شامل ہیں جو حالیہ منعقدہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی زبردست کامیابی کے بعد کی گئی ہے۔ دریں اثناء ٹرمپ کی ٹرانزٹ ٹیم نے بتایا کہ  نریندر مودی دنیا کے چند ایسے پہلے قائدین میں شامل ہیں جن سے 70 سالہ ٹرمپ نے فون پر بات چیت کی جبکہ دیگر اہم عالمی قائدین میں صدر چین ژی جن پنگ، جرمن چانسلر انجیلا مرکل، صدر فرانس فرانکوئی اولاند، وزیراعظم جاپان شنزوابے، صدر روس ولادیمیر پوٹن اور وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو کے نام قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون، وزیراعظم برطانیہ تھریسامے، سعودی عرب کے شاہ سلمان، وزیراعظم نیوزی لینڈ جان کی اور وزیراعظم آسٹریلیا مالکم ٹرنبل سے بھی فون پر بات چیت کی۔ یہ فہرست ٹرمپ کے اس ٹوئیٹ کے بعد جاری کی گئی ہے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ عالمی سطح پر تقریباً تمام اہم قائدین اور سربراہان مملکت سے انہوں نے فون پر بات کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT