Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک خلاف ورزیوں کی شکایت کیلئے موبائیل ایپ

ٹریفک خلاف ورزیوں کی شکایت کیلئے موبائیل ایپ

شہریوں میں احساس پیدا کرنے کی کوشش۔ ایپ پر ماہرین سے رائے کی طلبی
حیدرآباد۔21مارچ(سیاست نیوز) ملک کے بڑے شہروں میں شہریوں کو ٹریفک پولیس اہلکار بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور بہت جلد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک ایپلیکیشن کے ذریعہ کوئی بھی شخص شکایات روانہ کرپائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کاروائی کے متعلق شکایت کنندہ کو تفصیلات حاصل ہوتی رہیں گی۔ شہری علاقوں میں جہاں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روز کو معمول بن چکی ہیں اور ان کے خلاف کاروائی کے لئے محکمہ ٹریفک پولیس کے پاس ناکافی عملہ کی شکایت کے سبب صورتحال قابو میں نہیں رہتی ۔ان حالات کو دیکھتے ہوئے بٹس پلانی کے طلبہ نے ایک ایسا موبائیل ایپلیکیشن تیار کیا ہے جس کے ذریعہ شکایت کنندہ اپنے موبائیل کے ذریعہ ٹریفک خلاف ورزی کی تصویر لیتے ہوئے روانہ کرسکتا ہے جو قریبی پولیس اسٹیشن کے عہدیدار تک پہنچ جائے گی اور اس پر کاروائی کے متعلق اسی ایپلیکیشن کے ذریعہ شکایت کنندہ کو تفصیلات حاصل ہوں گی۔ TrafficEyeنام کا یہ ایپلیکیشن تیار کرنے والے طلبہ کی ٹیم نے اپنے اس موبائیل ایپ کو KPIT-sparkle 2017میں پیش کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا ہے اور اس ایپ پر ماہرین کی رائے حاصل کی جا رہی ہے۔BiTs Planiکے طالبعلم ونڈت گنڈوترا اور ان کے ساتھیوں نے اس ایپ کو تیار کیا ہے اور اس ایپلیکیشن کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ اس ایپلیکیشن کی تیاری کا مقصد شہر ی علاقو ںمیں ٹریفک مسائل سے نمٹنے اور شہریوں میں اس بات کا احساس پیدا کرنے کیلئے کیا گیا کہ پولیس کی نظریں ہمیشہ انہیں دیکھ رہی ہیں ۔ ان طلبہ نے بتایا کہ اس ایپلیکیشن میں یہ خاص بات ہے کہ اس ایپلیکیشن کے ذریعہ تصاویر روانہ کرنے والوں کی شناخت بھی مخفی رہ سکتی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کے دوران شکایت کنندہ کی تفصیل خلاف ورزی کرنے والوں کو پتہ نہیں چلے گی۔عام طور پر غلط پارکنگ کے مسائل کے سبب ٹریفک جام اور حادثات رونما ہوتے ہیں جسے نظر انداز کیا جانے لگتا ہے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ عوام میں اس بات کا احساس پیدا ہو ااورمعمولی غلطیوں پر بھی انہیں چالان کا خدشہ لگا رہے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کو آسان بنانے میں یہ ایپلیکیشن انتہائی مؤثر اور مددگار ثابت ہونے کا قوی امکان ہے ۔طلبہ اس ایپ کے متعلق ماہرین کی رائے کے منتظر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT