Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر پولیس ملازمین کیخلاف کارروائی

ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر پولیس ملازمین کیخلاف کارروائی

245 کے خلاف جرمانے، مزید 75 کے خلاف عنقریب کارروائی، محکمہ پولیس کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) شہری عوام کی جانب سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس ملازمین کی تصاویر سوشیل میڈیا اور ٹریفک پولیس کے ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کے مثبت نتائج برآمد ہورہے۔ محکمہ پولیس نے ابھی تک 245 پولیس ملازمین کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے چند پولیس ملازمین کے تبادلے بھی کئے ہیں۔ مزید 75 پولیس ملازمین کے خلاف بہت جلد کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی نظر میں سب برابر ہے۔ کوئی قانون سے برتر نہیں ہے۔ پولیس کی جانب سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ہیلمٹ نہ پہننے، رانگ روٹ گاڑی چلانے، تھرپل ڈرائیونگ کرنے، نوپارکنگ میں گاڑیاں پارک کرنے، سگنل جمپ کرنے والوںکے خلاف جرمانے عائد کرتے ہوئے پنالٹی پوائنٹ عائد کئے جارہے ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر جگہ جگہ ہیلمٹ ڈرائیو کرتے ہوئے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس ملازمین کو کیمرے بھی دیئے جارہے ہیں جو ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں کے خلاف تصاویر بطور ثبوت اکٹھا کرتے انہیں چالانات گھر پر روانہ کئے جارہے ہیں۔ قواعد پر عمل آوری ہر شہری کی ذمہ داری ہے لیکن آئے دن قانون کے محافظ اور ٹریفک قواعد پر عمل کرنے والے پولیس ملازمین ہی ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ پولیس کی کارروائیوں سے ناراض نوجوان بھی میدان میں کود پڑے ہیں۔ ہیلمٹ کے بغیر گاڑیاں چلانے والے پولیس ملازمین کے تصاویر سوشیل میڈیا اور پولیس کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کررہے ہیں جس سے محکمہ پولیس بھی متحرک ہوگیا ہے۔ قانون کی نظرمیں برابر ہونے کا ثبوت دینے کیلئے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 245 پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہیں جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی اور تبادلے بھی کئے ہیں۔ کارروائی کا سامنا کرنے والوں میں 66 سب انسپکٹرس، 13 ہیڈ کانسٹیبلس، 86 کانسٹیبلس، 80 ہوم گارڈس شامل ہیں۔ مزید 75 پولیس ملازمین کے خلاف بھی بہت جلد کارروائی کی جائیں گی۔ حیدرآباد میں ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف جرمانے عائد کرتے ہوئے انہیں چارج میمو بھی دیا جارہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ان کے تبادلے بھی کئے جارہے ہیں۔ سنٹرل زون کے ڈی سی پی جوئل ڈیوس نے حال ہی میں رام گوپال پیٹ میں کانسٹیبل راکیش ساگر کی جانب سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں ہیڈکوارٹر کو روانہ کردیا ہے۔ کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس مہندر ریڈی نے پولیس ملازمین کو ہدایت دی ہیکہ وہ ٹریفک قواعد کا احترام کرتے ہوئے شہریوں کیلئے مثالی نمونہ بنے۔ ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر رویندر نے عوام سے اپیل کی کہ اگر پولیس کی جانب سے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے تو ایسے پولیس ملازمین کے تصاویر، ویڈیوز اگر سوشیل میڈیا پر بھی پیش کی جاتی ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلانے والے، سیل فون پر بات کرتے ہوئے گاڑی چلانے والے، نوپارکنگ میں گاڑیاں پارک کرنے والے پولیس ملازمین کی تصاویر حیدرآباد پولیس، حیدرآباد ٹریفک، ہاک آئی شعبوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو یا ٹیوٹر، فیس بک، واٹس اپ وغیرہ پر پوسٹ کرنے پر بھی ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT