Wednesday , September 27 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ٹریفک مسائل کو حل کرنے اوپن ہاؤز پروگرام

ٹریفک مسائل کو حل کرنے اوپن ہاؤز پروگرام

جگتیال میں منعقدہ اجلاس سے ایس پی اننت شرما کا خطاب

جگتیال 18 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کی ترقی اور عوامی سہولت و ضرورت کے لئے کسی کو نقصان اور تکلیف پہنچائے بغیر ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کے لئے سبھی کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جگتیال ایس پی مسٹر اننت شرما نے ٹریفک مسائل اور اس کی یکسوئی کے لئے عوامی رائے اور تجاویز حاصل کرنے آج دوپہر دیوی سری گارڈ میں پولیس کی جانب سے منعقدہ اوپن ہاؤز اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے شہر میں مختلف مقامات اور ٹریفک مسائل سے واقف کروایا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شہر جگتیال کے مختلف مقامات کا راست ٹیلی کاسٹ اسکرین پر کرتے ہوئے عوامی رائے اور تجاویز حاصل کی۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے پولیس کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے 1800 کروڑ روپئے بجٹ منظور کیا ہے جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی مختلف سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے تمام مسائل کی یکسوئی کے لئے خدمات کو بخوبی انجام دیتے ہوئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر اس پروگرام میں آٹو یونین سے وابستہ قائدین، ڈرائیورس، فٹ پاتھ تاجرین، ترکاری فروش، میوہ فروش اور مختلف تاجرین و سماجی قائدین نے اس میں شرکت کی۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر کروناکر نے مختلف قائدین سے رائے حاصل کی۔ جگتیال میں واقع اولڈ بس اسٹانڈ عوام کے لئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے۔ اس کو اس مقام سے قریب میں واقع اولڈ یاشکول گراؤنڈ منتقل کیا جائے تو نہ صرف ٹریفک مسئلہ حل ہوگا بلکہ عوام کے لئے بھی سہولت بخش ہوگا۔ لیکن دو سال سے ابھی تک تعمیرات نہ کرنے سے دوکانات کو فٹ پاتھ پر چلانے کی بات کہی لہذا آر ٹی سی سے بات چیت کرتے ہوئے جلد از جلد تعمیر کرواکر ہمیں دلوانے کی درخواست کئے۔ اس موقع پر آٹو رکشاؤں کے لئے نیو بس اسٹانڈ کے اندرونی حصہ میں اراضی فراہم کرنے سے ٹریفک مسائل میں بہتری آنے کی محمد مجیب الدین نے اُمید ظاہر کی۔ ٹاور سرکل میں ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ یہاں پر ماسٹر پلان کے مطابق سڑکوں پر غیر مجاز قبضوں کو برخاست کرنے کونسلر عبدالباری نے خواہش کی اور بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت کو بند کرنے ٹرانسپورٹس کو شہر کے باہر لگانے کے لئے اقدامات کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پر مارکٹ کے باہر ترکاری فروخت کرنے والوں کو صبح 8 بجے تک جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر محمد مجاہد نے کہاکہ جگتیال ترکاری مارکٹ نظام سرکار میں 3½ ایکر پر عوام کی ضرورت کے لئے قائم کی گئی لیکن اس اراضی پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں۔ ایک اکر بھی باقی نہیں ہے۔ لہذا اس کا دوبارہ سروے کرواتے ہوئے مارکٹ کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی نے مارکٹ کا معائنہ کرنے کا تیقن دیا۔ ڈی ایس پی جگتیال راجندر پرساد اور ٹریفک سب انسپکٹر لکشمی نارائنا، رام نائک نے تمام تجاویز کو ریکارڈ کئے۔ اس موقع پر مختلف قائدین میثاق احمد، مکثر علی نہال، چکنم کشن، ناہید اور دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT