Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک پولیس کی کارکردگی شہریوں کیلئے خوف و دہشت کا موجب

ٹریفک پولیس کی کارکردگی شہریوں کیلئے خوف و دہشت کا موجب

غیر ضروری مستعدی پر پولیس پر سوالیہ نشان ، عام اور ایمرجنسی سرگرمیوں میں مشکلات
حیدرآباد /6 جولائی ( سیاست نیوز ) پولیس کی موجودگی شہریوں کیلئے اطمینان اور تسلی کا باعث رہتی ہے لیکن ان دنوں شہر حیدرآباد میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی شہریوں کیلئے خوف و دہشت کا سبب بن گئی ہے ۔ حالانکہ نقدی سے بھاری جرمانوں میں شہر حیدرآباد کا ایک نمایاں مقام پایا جاتا ہے ۔ لیکن وہیں عمل آوری کے معاملہ میں عملہ کی غیر ضروری مستعدی پولیس کی بہترین کارکردگی پر خود سوالیہ نشان کا سبب بن رہی ہے ۔ ان دنوں ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری جرمانوں کی جانب اور زیر التواء چالانات کی ادائیگی کے مرحلہ میں عام عوام کو دور ایمرجنسی سہولیات کو بھی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ شہر کی تقریباً سڑکوں پر مصروف ترین اوقات میں ٹریفک پولیس کا عملہ جرمانے عائد کرنے اور جرمانوں کے پینڈنگ چالانات کی جانچ میں سڑکوں پر ٹریفک جام کا سبب بن رہا ہے ۔ پولیس کا عملہ اقدامات اور کارروائی کے دوران کمشنر پولیس کے احکامات اور ان کی سفارشات کو بھی نظر انداز کرنے کا موجب بن گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے سابق میں احکامات جاری کئے تھے کہ ٹریفک پولیس کا عملہ تلاشی اور جرمانوں کے دوران اپنی کارروائی سے کسی بھی شہری کیلئے پریشانی کا سبب نہیں بنے گا اور سوائے سب انسپکٹر پولیس سطح کے عہدیدار کے کسی اور ملازم عملہ کو دستاویزات کی جانچ یا پھر جرح کرنے کا اختیار نہیں رہے گا ۔ جبکہ شہر کے بیشتر مقامات پر عوام نے عملہ کی مبینہ لاپرواہیوں اور بدسلوکی و غیر ضروری سوالات سے پریشان کرنے کے الزامات لگائے ہیں ۔ شہریوں کا تاثر ہے کہ ٹرافک پولیس عملہ انتہائی مصروف ترین اوقات جیسے دفاتر اور اسکولز کے اوقات سڑکوں پر مصروف ہے جس کے سبب ٹریفک جام اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جبکہ بیشتر مقامات جیسے میر عالم منڈی ، نامپلی ، ایکمینار مسجد ، سدی عنبربازار مین روڈ ، تلگو یونیورسٹی نامپلی ، خیریت آباد جنکشن ، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 ، ریتی باؤلی تا مہدی پٹنم مین روڈ ، مانصاحب ٹینک ، اعتبار چوک ، چندرائن گٹہ و بیشتر مقامات سے عوامی شکایتیں پائی جاتی ہیں کہ ان مقامات پر ٹریفک پولیس کا عملہ بغیر شہری کی اطلاع کے کیمرے سے تصویر کشی کر رہا ہے اور اس بات پر صفائی کا کوئی حق اور اختیار شہری کو حاصل ہیں جیسے ہی انہیں جرمانہ کا میسیج حاصل ہو رہا ہے حیرانی کا سبب بن رہا ہے ۔ گذشتہ دنوں ایسی شکایتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہر کی کشادگی سڑکیں غیر مجاز پارکنگ کے سبب پہلے ہی اپنی تنگ دامنی کا ثبوت پیش کرتی ہیں ایسے حالات میں سڑکوں پر بیارکیٹس کے ذریعہ ٹریفک پولیس کی جانچ تشویش اور دہشت کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہونچنے میں آسانی اور سہولیات فراہم کرنے والا ٹریفک پولیس عملہ ہی ٹریفک جام کا سبب بن رہا ہے ۔ شہر میں ٹریفک جام سے پریشان شہریوں نے اپنا یہ تاثر بھی پیش کیا ہے کہ نقد سے عاری جرمانوں کا طریقہ کار بہتر ہے اور اس پر عمل آوری کا سلسلہ بھی مزید بہتر کر دیا جائے تو شہر کی سڑکوں پر آرام دہ سفر کو ممکن بنایا جاسکتا ہے اور ٹریفک پولیس عملہ کو تلاش میں احتیاط سے اقدام کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے تو مزید بہتر نتائج کے ساتھ شہریوں کی شکایتیں بھی دور ہوں گی ۔

TOPPOPULARRECENT