Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹریفک پولیس کے اقدامات و کارروائی شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب

ٹریفک پولیس کے اقدامات و کارروائی شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب

عام شہریوں کے ساتھ مریضوں کی بھی جانچ ، فرینڈلی پولیسنگ و کمیونٹی پولیسنگ بے کار ثابت
حیدرآباد /4 اگست ( سیاست نیوز ) شہر میں ٹریفک پولیس کے اقدامات اور کارروائی شہریوں کیلئے ہراسانی  اور پریشانی کا سبب بن رہی ہے ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی عام شہریوں کے مشکلات کا سبب بن گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس عملہ اپنی کارکردگی کو دکھانے کیلئے ہر شہری کی جانچ میں مصروف ہے ۔ یہاں تک ٹریفک پولیس عملہ مریضوں کی جانچ بھی کر رہا ہے ۔ جس سے پولیس کی حد سے زیادہ مستعدی ظاہر ہو رہی ہے ۔ جو عام شہریوں کیلئے رحمت کم زحمت زیادہ کا سبب بن گئی ہے ۔ اب جبکہ مرکزی کابینہ کی جانب سے روڈ سیفٹی بل 2016 کے مسودہ کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ ایسی صورت میں پولیس کو مزید زیادہ اختیارات حاصل ہوجائیں گے  اور ان اختیارات کے بے جا استعمال کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں ۔ چونکہ کمیونٹی پولیسنگ اور فرینڈلی پولیسنگ کے باوجود پولیس عوام سے قریب ہونے اور خوشگوار تعلقات بنانے میں اکثر طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے اور اس پولیس عہدیدار کو اپنے ماتحت عہدیدار کے یہاں نشانات میں اضافہ اور شاباشی کی فکر لاحق ہوگئی ہے ۔ ایسے حالات میں اسکا راست اثر عوام بالخصوص عام شہریوں پر پڑ رہا ہے ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی انتہائی قابل مستحسن اقدام ہے تاہم اس کارروائی میں تمام شہریوں کو یہاں تک مریض اور ہاسپٹل سے رجوع ہونے والوں کی جانچ جیسے اقدامات پولیس کے کئے کرائے پر پانی پھیرنے کے مترادف ثابت ہو رہے ہیں جو شہریوں میں مختلف خیالات اور بدزبانی کا سبب بن رہے ہیں ۔ پرانے شہر کے علاقہ انجن باؤلی میں آج اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا ۔ جہاں پولیس نے ایک آٹو کو روک لیا جس میں چند خواتین سوار تھیں ۔ فلک نما کے علاقہ سے تعلق رکھنے والی ضعیف خاتون یوسف بیگم اپنے افراد خاندان کے ساتھ بذریعہ آٹو سکریٹریٹ کے قریب واقع ایک کارپوریٹ ہاسپٹل جاری تھیں کہ اچانک سڑک پر پولیس اہلکار نمودار ہوئے اور آٹو کو روک لیا جس میں یوسف بیگم بھی سوار تھیں ۔ درد اور تکلیف میں مبتلا یوسف بیگم اور ان کے رشتہ دار پولیس سے درخواست کر رہے تھے کہ وہ انہیں جانے کی اجازت دیں چونکہ دواخانے میں ڈاکٹر کے اپائنمنٹ کا وقت ختم ہوجائے گا اور تکلیف میں شدت پائی جاتی ہے  ۔ باوجود اس کے ٹریفک پولیس نے اس آٹو ڈرائیور کی جانچ میں تاخیر کی جس میں یہ ضعیف خاتون سوار تھیں ۔ تاخیر کے بعد آٹو ڈرائیور کی جانچ کی گئی اور بعد میں انہیں جانے کی اجازت دی گئی ۔ شہر میں سڑکوں پر ٹریفک جام کو بحال کرنے اور غیر مجاز پارکنگ پر اگر ٹریفک پولیس اس طرح کی توجہ دے ، جو جرمانہ عائد کرنے پر مرکوز کرتی ہے تو اس کے بہترین نتائج برآمد ہوں گے ۔ جو پولیس کی کارکردگی کی ستائش کا سبب رہیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT