Friday , July 28 2017
Home / Top Stories / ٹرین دھماکہ کرنے والے آئی ایس آئی ایس سے متاثر

ٹرین دھماکہ کرنے والے آئی ایس آئی ایس سے متاثر

یہ صرف آزمائشی تجربہ تھا ، ملک میں مزید حملوں کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، چیف منسٹر مدھیہ پردیش چوہان کا دعویٰ

بھوپال۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھوپال ۔ اُجین ٹرین بم دھماکہ آئی ایس آئی ایس نظریات سے متاثر ہوکر کیا گیا ہے اور دہشت گردوں کا یہ آزمائشی تجربہ تھا جو ہندوستان میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ حکومت مدھیہ پردیش نے آج یہ بات بتائی۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان مدھیہ پردیش اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے یہ بم دھماکے کئے، وہ لکھنؤ سے آئے تھے اور انہوں نے پیاسنجر ٹرین میں بم رکھا تھا۔ یہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ تھا۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے ضلع شاجا پور میں کل جبڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین میں آئی ای ڈی بم دھماکہ ہوا جس میں 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کے جاری بجٹ سیشن میں چیف منسٹر نے کہا کہ دہشت گرد آئی ایس آئی ایس کے نظریات سے متاثر ہیں اور انہوں نے ہی یہ دھماکہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ مدھیہ پردیش بھوپیندر سنگھ نے کہا کہ پیاسنجر ٹرین میں آئی ای ڈی دھماکہ ایک آزمائشی تجربہ تھا۔ انہوں نے اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دھماکہ کے اندرون 5 گھنٹے اس دہشت گرد نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں نے بعض دیگر مقامات پر بھی دھماکوں کا منصوبہ بنایا تھا۔ قبل ازیں ضلع کھرگون کے برواہ ٹاؤن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ پولیس نے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے جنہوں نے بھوپال۔ اجین پیاسنجر ٹرین میں بم نصب کیا تھا۔

گرفتار کئے گئے دہشت گردوں سے ابتدائی تفتیش کرنے پر یہ معلوم ہوا کہ وہ آئی ایس آئی ایس سے ربط رکھتے ہیں۔ دھماکہ کے مقام پر انتہائی مہلک دھماکو مادہ دستیاب ہوا۔ انہوں نے اے ٹی ایس اور پولیس کو بروقت کارروائی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ایک پرامن ریاست ہے اور کسی کو بھی یہاں حالات بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد لکھنؤ سے آئے ہیں اور انہوں نے ٹرین میں بم نصب کیا۔ چوہان نے آج اسمبلی میں کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس اور مرکزی ایجنسیوں نے صرف 5 گھنٹوں کے اندر ٹرین دھماکوں کے پس پردہ رہنے والوں کو بے نقاب کردیا۔ دھماکوں کے بعد حراست میں لئے گئے تین مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ سیمی کارکنوں کی جانب سے جیل توڑ کر فرار ہونے کے واقعہ اور انکاؤنٹر کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں امن کو بگاڑنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ یہ انکاؤنٹر گزشتہ سال ہوا جس میں تمام 8 سیمی ارکان کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس چوکسی برتے ہوئے ہے۔ کل رات سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے اُترپردیش پولیس نے کہا تھا کہ مدھیہ پردیش پولیس نے ہوشنگ آباد میں 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں 2 کا تعلق کانپور اور ایک کا علیگڑھ سے ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ گرفتاریاں اُترپردیش میں ہوئے انکاؤنٹر کا ٹرین دھماکوں سے ربط ہے۔ یہ دھماکے پیاسنجر ٹرین کے جنرل کوچ میں ہوئے جبکہ وہ بھوپال سے اُجین جارہی تھی۔

TOPPOPULARRECENT