Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹفی نے کینس کو عدم ادائیگی پر دھمکی دی تھی

ٹفی نے کینس کو عدم ادائیگی پر دھمکی دی تھی

ونسنٹ کا دعویٰ ۔ دنیش مونگیا کا کیوی کھلاڑی کو الزامات پر انتباہ
ملبورن؍چندی گڑھ ۔ 14 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) لو ونسینٹ نے لندن کی ایک عدالت کے روبرو انکشاف کیا ہے کہ فاسٹ بولر ڈارل ٹفی نے ایک موقع پر اپنے سابق ٹیم ساتھی کرس کینس کو ہلاک کردینے کی دھمکی دی تھی کیونکہ اُنھیں وہ رقم حاصل نہیں ہوئی جس کا کینس نے وعدہ کیا گیا تھا ۔ کینس کو میچ فکسنگ الزامات کا سامنا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اُنھوں نے 2008 ء میں انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل ) کے دوران دانستہ طورپر ناقص مظاہرہ کرنے کی پیشکش کے ساتھ فی میچ 50,000ڈالر کی ادائیگی کا وعدہ کیاتھا ۔ کینس کے خلاف جاری مقدمہ کے دوسرے روز ونسنٹ نے بتایا کہ انھیں 250,000 ڈالر سے زیادہ حاصل نہیں ہوئے ۔ 36 سالہ ونسنٹ نے قبل ازیں اعتراف کیا تھا کہ اُنھیں میچ فکسنگ کیلئے کینس کی طرف سے راست احکام ملے تھے ۔ ونسنٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سابق ہندوستانی بیٹسمین دنیش مونگیا آئی سی ایل میچ فکسنگ میں ملوث گینگ کے کلیدی رکن رہے ۔ ونسنٹ نے کہاکہ اُنھوں نے آئی سی ایل میں چندی گڑھ لائینس کی نمائندگی کی اور یہ ٹیم چھوڑنے کے بعد بھی وہ میچ فکسنگ میں ملوث رہے۔ دریں اثناء دنیش مونگیا نے خود کو بے قصور بتاتے ہوئے کیوی کرکٹر ونسنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔ 38 سالہ مونگیا نے چندی گڑھ میں کہا : ’’میں ان الزامات کی بالکلیہ تردید کرتا ہوں ۔ مجھے نہیں پتہ مسٹر ونسنٹ اُس وقت کیا کررہے تھے اور اب وہ کیا کررہے ہیں۔ وہ کرس کینس کے ساتھ کس قسم کی کرکٹ کھیلے یا کینس نے اُن کے ساتھ کس انداز میں کھیلا ، مجھے اس کا علم نہیں‘‘۔ مونگیا نے بتایا کہ وہ اس معااملے میں اپنے وکلاء سے مشاورت کررہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT