Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹوئٹر اور فیس بک پر میئر حیدرآباد کا جھوٹ

ٹوئٹر اور فیس بک پر میئر حیدرآباد کا جھوٹ

شہر کی صاف صفائی سے متعلق تصاویر کیساتھ کی گئی چھیڑ چھاڑ بے نقاب

حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کی جارہی کوششوں کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہوئے میئر حیدرآباد رام موہن نے چالاکی کے ساتھ کچرے کی صفائی اور گندگی صاف کرکے اس مقام کو سرسبز و شاداب بنانے کی مہم کی تصاویر کو ٹوئٹر اور فیس بک پر اپ لوڈ کیا۔ میئر حیدرآباد کے ٹوئٹر اور فیس بک فالوورس نے اس تصویر کے ساتھ کی گئی چھیڑ چھاڑ کی نشاندہی کی تو انہوں نے فوری یہ تصاویر اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سوچھ بھارت مہم کے حصہ کے طور پر حیدرآباد شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں بلدی حکام کی کوششوں سے عوام کو واقف کروانے کیلئے میئر بلدیہ حیدرآباد اپنی دانست میں ایسی دو تصاویر پیش کیں جس کے ذریعہ باور کرایا گیا کہ ان کا محکمہ صاف صفائی کے معاملہ میں اول مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے شہر کے ایک مقام کی تصویر لی جہاں پر کچرا کا ڈھیر تھا اور دوسری تصویر میں انہوں نے کچرا کی صفائی کے بعد وہاں پر سرسبز و شادابی اور خوبصورت منظر پیش کیا۔ دراصل یہ منظر فوٹو شاپ کا کارنامہ تھا لیکن تصاویر دیکھنے والے شہری بھی ٹیکنالوجی سے واقف ہیں۔ انہوں نے میئر کی اس چالاکی کی نشاندہی کی کیونکہ جو کچرے کے انبار والی تصویر پیش کی گئی تھی، اس کے اطراف راہگیروں کو جاتے ہوئے بتایا گیا تھا لیکن فوٹو شاپ میں صفائی کے بعد وہی راہگیروں کو اسی مقام پر بتایا گیا جس سے یہ واضح ہوگیا کہ اس تصویر کو محض عوام کو گمراہ کرنے کیلئے پیش کیا گیا ہے جبکہ صفائی کا نظام ابتر ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کاموں کو بہتر انداز میں عوام کے سامنے روشناس کرانے میئر حیدرآباد کی کوشش غلط ثابت ہوئی اور انہیں سبکی محسوس ہوئی تو انہوں نے فوری تصاویر کو حذف کردیا۔ تصاویر دیکھنے والوں نے اس بات کو نوٹ کیا کہ کچرے والی تصویر میں جو لوگ جارہے ہیں، اس جگہ کی صاف صفائی اور خوبصورت بنانے کے بعد بھی تصویر میں وہی لوگ سڑک سے گذرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔ اس طرح میئر کا جھوٹ عوام کے سامنے آشکار ہوگیا، تاہم گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اپنے میئر کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک خیالی پیشکش تھی جو واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ میئر بتانا چاہ رہے تھے کہ صفائی پر دھیان دیا جائے تو شہر کو اس طرح بنایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے سوچھ بھارت مہم کا آئینہ دکھانے کی کوشش میں میئر خود عوام کے سامنے آئینہ بن گئے۔ ان تصاویر کے ساتھ عوام نے مختلف انداز میں تبصرے کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT