Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹوکیو اولمپک کیلئے اشوینی کے ساتھ جوڑی بنانے کا فیصلہ: سکی

ٹوکیو اولمپک کیلئے اشوینی کے ساتھ جوڑی بنانے کا فیصلہ: سکی

نئی دہلی۔10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی سطح پر پہلی مرتبہ اشوینی کونپا کے ساتھ جوڑی بنانے کے ضمن میں نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی سکی ریڈی نے کہا کہ 2020ء ٹوکیو اولمپک اور 2018ء کامن ویلتھ گیمس کے پیش نظر یہ فیصلہ ملیشیائی ڈبلس کوچ کمٹانہر، کوپی چنداور اشوینی کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد کیا گیا ہے۔ سکی ریڈی کو امید ہے کہ وہ جولہ گٹہ کی خلاء کو پر کریں گے۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سکی ریڈی نے کہا کہ ایک مہینہ قبل ہمارے ملیشیائی ڈبلس کوچ کمٹانہر اور کوپی چند کے ساتھ ہوئے تبادلہ خیال میں ٹوکیو اولمپکس کے پیش نظر اشوینی کے ساتھ جوڑی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کی جوڑی کا درجہ بندی میں کوئی مقام نہیں ہے۔ لہٰذا اولمپکس کے پیش نظر انہیں بہتر مظاہروں کے ایک سلسلہ کو شروع کرنا ہے۔ سکی ریڈی نے کہا کہ ہم ایک کے بعد ایک ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرے کرتے ہوئے 2018 کامن ویلتھ گیمس اور ایشین گیمس کو اپنے پہلے اہداف ہیں۔ سکی ریڈی اور اشوینی پہلی مرتبہ جوڑی بناتے ہوئے اپنا پہلا ٹورنمنٹ اسکاٹش اوپن میں شرکت کریں گے جوکہ 23 تا 27 نومبر کھیلا جائے گا جس کے بعد 30 نومبر تا 3ڈسمبر ویلس انٹرنیشنل میں یہ جوڑی ایکشن میں نظر آئے گی بعدازاں ڈسمبر 7 تا 10 ایرش اوپن میں بھی انہیں اپنی درجہ بندی کو بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔ بعدازاں 24 تا 29 جنوری گھریلو میدانوں پر سید مودی انٹرنیشنل ٹورنمنٹ میں بھی انہیں شرکت کا موقع دستیاب رہے گا۔ دوسری جانب اشوینی نے کہا ہے کہ جب میں نے جوالا گٹہ کے ساتھ جوڑی بنائی تھی تو مجھے بین الاقوامی تجربہ بالکل ہی نہیں تھا جبکہ سکی کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں کیوں کہ انہیں ڈبلس میں بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ ہونے کے علاوہ سوپر سیریز ایونٹس میں بھی شرکت کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ 23 سالہ سکی بھی جوالا گٹہ کی طرح بائیں ہاتھ کی کھلاڑی ہیں جس کی وجہ سے بحیثیت جوڑی ہمیں سبقت حاصل رہے گی۔ اشوینی نے کہا کہ بحیثیت جوڑی ہمیں خامیوں اور خوبیوں کا جائزہ لینا ہے تاکہ ڈبلس کی ایک بہتر جوڑی تیار ہوسکے۔ اشوینی اور جوالا کو ہندوستان کی کامیاب جوڑی تصور کیا جاتا ہے جنہوں نے کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا تھا لیکن ریو اولمپکس کے بعد ان کی راہیں الگ ہوگئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT